پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں ”ائیر آف شیخ زاید“ منایا گیا، قونصلیٹ سٹاف اور امارات کی مقامی شخصیات کی شرکت
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے ایجوکیشن ونگ کی طرف سے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی PADکے ہال میں ”ائیر آف شیخ زاید“ منایا گیا جس میں امارات میں موجود پاکستانی سکولوں، پاکستانی کمیونٹی ویلفیئر سکول مصفح ابوظہبی، شیخ خلیفہ بن زاید عرب پاکستان عرب سکول ابوظہبی، العمل انگلش ہائی سکول شارجہ، عمر بن خطاب پاکستان سکول اینڈ کالج عجمان، پاکستان اسلامیہ ہائیر سیکنڈری سکول عجمان، پاکستان اسلامک پرائیویٹ سکول العین، شیخ راشد المکتوم پاکستان سکول دبئی، پاکستان ایجوکیشن اکیڈمی دبئی، پاکستان اسلامیہ ہائیر سیکنڈری سکول الفجیرہ، پاکستان اعلامیہ ہائیر سکول راس الخیمہ، پاکستان اسلامیہ ہائیر سیکنڈری سکول شارجہ، انگلش لینگوئج سکول ELS دبئی، اسلامیہ انگلش سکول ابوظہبی نے شرکت کی۔
تقریب کا اہتمام ایجوکیشن کمیٹی کی آرگنائزر مسز ثمینہ ناصر نے کیا تھا جبکہ مہمان خصوصی قونصلیٹ آف پاکستان کے قونصل جنرل سید جاوید حسن تھے۔ تقریب ہذا میں ویلفیئر قونصلر صولت ثاقب، پریس قونصلر عاشق حسین شیخ اور ڈاکٹر مطینہ نے بھی شرکت کی۔ پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام اور سہیل اشرف بھی موجود تھے۔ تقریب کے دوران سٹیج سیکرٹری کے فرائض محمد سلمان نے انجام د ئیے۔ اس موقع پر پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے قومی ترانے بجائے گئے جنہیں سب نے احتراماً کھڑے ہوکر سنا۔
اس موقع پر متذکرہ سکولوں کے بچوں کے درمیان پینٹنگز اور تقریری مقابلے بھی ہوئے جبکہ مختلف سکولوں کے بچوں نے ٹیبلو بھی پیش کیا جس میں ”ائیر آف شیخ زاید“ کے حوالہ سے پروگرام پیش کئے گئے اور پاک یو اے ای دوستی کے بارے بیان کیا گیا۔ اس موقع پر مریم ممتاز نے PAD کی کارکردگی بیان کی جس کو حاضرین نے خوب سراہا اور داد و تحسین پیش کی۔ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مختلف سکولوں کے بچوں کو اول، دوئم اور سوئم انعامات دئیے گئے جبکہ ایک آن لائن تعلیمی ادارہ رائٹ فیوچر کی طرف سے طلبا و طالبات، اساتذہ اور حاضرین محفل کو بذریعہ قرعہ اندازی ٹیبلٹ بطور انعام دئیے گئے۔ مقابلوں کے دوران ججز کے فرائض مس معصومہ رضوی اور مس غزالہ نیازی نے انجام دئیے۔