”میرے شوہر کو رہائی مل گئی تو صورتحال خوفناک ہو گی“ پاکستانی خاتون یہ کہنے پر کیوں مجبور ہوگئی؟ جان کر آپ حمایت پر مجبور ہوجائیں گے
لاہور (ویب ڈیسک) ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقے کٹاربند میں اپنی 2 کمسن بیٹیوں سے زیادتی کے الزام میں گرفتار ملزم کے خلاف دفعہ 376 کے تحت مقدمہ درج کرکے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ گرفتاری کے بعد دونوں کمسن بیٹیوں نے سکھ کا سانس لیا جبکہ ماں ملزم کی ممکنہ رہائی کا سوچ کر خوفزدہ ہے۔ متاثرہ خاندان کے گھر سکیورٹی اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ ماں ابھی تک اپنی بیٹیوں کے مستقبل اور معاشی حالات کے حوالے سے پریشان ہے۔ اگر ملزم کو رہا کر دیا گیا تو صورتحال خوفناک ہوگی۔
روزنامہ نوائے وقت کے مطابق خاتون نے بتایا ہنجروال پولیس سٹیشن میں اس نے بیان ریکارڈ کرانے کے موقع پر تھوڑی دیر کیلئے ملزم سے ملاقات کی اور اس نے رہائی ملنے کے بعد سخت نتائج کی دھمکیاں دیں۔ ”تم نے میڈیا کو ویڈیوز دینے کیلئے خفیہ کیمرے لگائے“ میں آپ کو معاف نہیں کروں گا۔ اس نے معافی کی التجا کی اور رہائی کے بعد اچھا سلوک کرنے کا وعدہ بھی کیا۔ یہ بھی کہا کہ مجھے اچھا شہری بننے کے لئے آخری موقع دیں۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم نے اعتراف جرم کر لیا ہے۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو ٹیم نے بھی متاثرہ خاندان کے گھر کا دورہ کیا۔ مفت تعلیم اور تحفظ دینے کی پیشکش کی۔ ٹیم نے بتایا کہ بچیوں کو خوف سے نکلنے میں وقت لگے گا۔ پولیس نے دونوں بچیوں کا میڈیکل ٹیسٹ بھی کرا لیا ہے۔ معاملہ حساس ہونے کے باعث ملزم اور متاثرہ خاندان کے افراد کا نام خفیہ رکھا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر فوری طور پر پنجاب حکومت نے متاثرہ خاندان کو 5 لاکھ روپے کا امدادی چیک دیا اور بچیوں کی تعلیم اور تحفظ کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ پنجاب ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹری متاثرہ خاندان کے گھر گئے اور چیک بچیوں کی والدہ کے حوالے کیا۔