دھاندلی جمہوریت کے سینے پر زخم،حکومت نے منی بجٹ نہیں بلکہ ’’ منی طوفان‘‘ دیا ہے:حمزہ شہباز
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے حکومت پاکستان کی جانب سے پیش کئے جانے والے بجٹ کو منی طوفان قرار دے دیا ۔
نجی ٹی وی چینل” جیو نیوز“ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے پنجاب اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے منی بجٹ نہیں بلکہ منی طوفان دیا ہے، 40 دن میں لوگوں کی چیخیں نکل گئیں ہیں، 183ارب کے نئے ٹیکس لگا دیے گئے ہیں، اسد عمر نے کہا تھا کہ دو سو ارب ڈالر باہر سے آئیں گے،آج 70 ارب کے نئے ٹیکس عوام پر لگا دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے سیکیورٹی اداروں کیساتھ ملکر دہشت گردی کے خلاف کام کیا، ہم نے سی ٹی ڈی کے ذریعے طالبان اور دہشت گردوں کا خاتمہ کیا،پنجاب دہشت گردی کے حوالے سے سکھ کا سانس لے رہا ہے، پنجاب کی فرانزک لیب مسلم لیگ ن کے دورحکومت میں بنی،کے پی والے بھی سیمپل ٹیسٹنگ کیلئے اسی لیب سے رجوع کرتے ہیں۔حمزہ شہباز نے کہاکہ حالیہ انتخابات میں دھاندلی جمہوریت کے سینے پر زخم ہے ،پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارتمام سیاسی جماعتیں دھاندلی کا شورمچارہی ہیں، ہم نے دل بڑا کرکے کہاکہ جمہوریت کی گاڑی کو چلنا چاہیے،انتخابات سے متعلق سچ ایک دن قوم کے سامنے آکر رہے گا۔