سیاست جھوٹ اور دھوکہ دہی کا نام بن گئی ،سیاسی محاذ پر تنہا بھی ہونا پڑا تو جنگ ضرور لڑیں گے:مولانا فضل الرحمان
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آج سیاست جھوٹ اور دھوکہ دہی کا نام بن گئی ہے, ادارے درست ہوجائیں تو ہم کسی کے غلام نہیں ہیں۔
نجی ٹی وی چینل’’ہم نیوز‘‘ کے مطابق جمعیت العلمائے اسلام (ف) لاہور کی مجلس عمومی کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےمتحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے عمران خان حکومت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تو دس دن ہی میں ٹھس ہوگئی ہے،عالمی قومیں ترقی پذیر ممالک کو اپنا غلام بنانا چاہتی ہیں،مذہب اور تہذیب کا خاتمہ عالمی ایجنڈا ہوتا ہے،مکالمہ بارود کی بارش میں نہیں ہوا کرتا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا محاذ اجتماعی فتنوں کے خلاف ہے،برصغیر کی آزادی کیلئے جمعیت علمائے اسلام نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں، آزادی کی قدروقیمت جو ہمارا کارکن جانتا ہے وہ شاید ہی کوئی اور جانتا ہو،انگریز نے مدرسوں کے پڑھنے والوں کے خلاف منفی تاثر قائم کیا،امریکہ نے مدارس اور علما کے خلاف انتہا پسندی و دہشت گردی کا تاثر دنیا میں پھیلایا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کسی کے بارے میں تاثر قائم کرنے میں ریاست اور ریاستی اداروں کا بڑا اہم کردار ہوتا ہے،ملکی اداروں کے کردار سے مطمئن نہیں ہیں, سیاسی محاذ پر تنہا بھی ہونا پڑا تو جنگ ضرور لڑیں گے،ملک میں زندگی گزارنے کے اصول معلوم ہیں،فوج سیاست میں کودتی ہے تو میں ان کے ہاتھوں مرغوب ہونے کو تیار نہیں ہوں،سٹیبلشمنٹ کو جو کہہ رہا ہوں وہ سن بھی لیں اور سمجھ بھی لیں.