دنیا کا امیر ترین آدمی اب کون ہے اور اس کے پاس کتنا پیسا ہے؟ جواب آپ کی سوچ سے بھی زیادہ

Oct 04, 2018 | 05:57 PM

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس گزشتہ 24سال سے مسلسل دنیا کے امیر ترین شخص قرار پا رہے تھے لیکن امسال انہیں جیف بیزوس نے پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق فوربز کی طرف سے جاری کی گئی رواں سال کی فہرست میں دنیا کے 400امیر ترین افراد میں ایمازون کے چیف ایگزیکٹو جیف بیزوس پہلے نمبر پر آئے ہیں جو 160ارب ڈالر کے مالک ہے۔ بل گیٹس دوسرے نمبر پر ہیں جو 97ارب ڈالر کے اثاثے رکھتے ہیں۔ گزشتہ سال ان کے اثاثے 89ارب ڈالر مالیت کے تھے، جبکہ 2017ءمیں جیف بیزوس کی دولت 81.5ارب ڈالر تھی، جس میں گزشتہ ایک سال میں لگ بھگ دو گنا اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال جولائی میں ہی جیف بیزوس نہ صرف موجودہ دنیا کے امیرترین شخص قرار پا چکے تھے بلکہ انہیں دنیا کی جدید تاریخ کا امیر ترین شخص بھی قرار دیا گیا ہے۔ اس وقت ان کی دولت 150ارب ڈالر تھی۔ جولائی میں انہوں نے بل گیٹس کا موجودہ تاریخ کا امیرترین شخص ہونے کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا تھا۔ ایک وقت میں جب بل گیٹس کا کاروبار عروج کو پہنچا تو ان کے پاس 149ارب ڈالر کے اثاثے تھے، جو بعد ازاں کم ہو گئے۔فوربز کی 2018ءکی فہرست میں برک شائر ہیتھاوے کے مالک وارن بفے 88.3ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ تیسرے نمبر پر جبکہ اوریکل کے شریک بانی لاری الیسن 58.4ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر آئے ہیں۔

مزیدخبریں