یکے بعد دیگرے ان عرب ماڈلز کو کون قتل کررہا ہے؟ ایسا انکشاف کہ آپ کے بھی رونگٹے کھڑے ہوجائیں
بغداد(مانیٹرنگ ڈیسک) عراق میں خوبصورت ماڈلز کو یکے بعد دیگر ے قتل کی متعدد وارداتیں ہو چکی ہیں اور اب 23سالہ سابق مس عراق شیما قاسم کو بھی دھمکی دے دی گئی ہے کہ اگلا نمبر تمہارا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق شیما قاسم کو یہ دھمکی 22سالہ ماڈل تارا فیریس کے قتل کے چند دن بعد دی گئی ہے، جسے 27ستمبر کو ایک موٹرسائیکل سوار نے ٹریفک سگنل پر گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا جب وہ اپنی گاڑی میں گھر کی طرف جا رہی تھی۔
اس سے قبل 32سالہ ماڈل اور پلاسٹک سرجن ڈاکٹر رافیف الیاسری، جسے عراق کی باربی ڈول کہا جاتا تھا، کو بھی قتل کیا گیا۔ راشا الحسن نامی ماڈل کی بھی پراسرار طریقے سے موت واقع ہوئی۔ یہ اور اس کے علاوہ دیگر کئی ماڈلز کو حالیہ چند ماہ میں قتل کیا جا چکا ہے۔ یہ معاملہ اس قدر سنگین ہو چکا ہے کہ عراقی وزیراعظم حیدر العابدی نے خفیہ ایجنسیوں کو ان واقعات کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
انسانی حقوق کی کارکن حینا ایدور کا کہنا ہے کہ ”عراق میں ان خواتین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جو مغربی طرز زندگی کی حامل ہیں۔ ملک میں کئی ایسے گروپ ہیں جو خواتین کو سڑکوں پر نہیں دیکھنا چاہتے۔ خدشہ ہے کہ یہی گروپ باقاعدہ منصوبہ بندی سے ماڈلز، اداکاراﺅں اور دیگر ایسی خواتین کو قتل کر رہے ہیںجو کام کے لیے اپنے گھر سے نکلتی ہیں۔“