ورلڈ کپ 2019کی ٹرافی کوکینسر کے مرض میں مبتلا مریضو ں کو دکھانے کے لئے شوکت خانم ہسپتال پہنچا دیا گیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)کرکٹ ورلڈ کپ 2019ٹرافی پاکستان کے شہر لاہور میں موجود ہیں جہاں ٹرافی کو شہر کے مختلف علاقوں میں لے جایا جا رہا ہے ، پاکستان کرکٹ بورڈ ٹرافی کو ایسی جگہ لے گئے کہ آپ بھی کرکٹ بورڈ کواس اقدام کو داد دینے پر مجبور ہوجائیں گے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی ٹرافی کو لاہور میں کینسر کے موذی مرض میں مبتلا مریضوں کو دکھانے کے لئے وزیر اعظم عمران خان کے شوکت خانم ہسپتال لے جایا گیا .
پاکستان کرکٹ بور ڈ کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ٹویٹر پر تصایر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہمارے ورلڈ کپ ونر مشتاق احمد ورلڈ کپ ٹرافی کوزندگی کے چیمپیئنز سے ملوانے کے لئے شوکت خانم ہسپتال پہنچ گئے ہیں،جو کہ لاہور میں ورلڈ کپ ٹرافی ٹور کا آخری سٹاپ ہے۔
واضح رہے آئی سی سی کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق ٹرافی ٹور کا آغاز 27 اگست کو آئی سی سی ہیڈکوارٹرز دبئی سے ہوا، ٹرافی 5 براعظموں کے 21 ممالک اور 60 شہروں کا دورہ کرے گی،ورلڈکپ ٹرافی 3اکتوبر کولاہورپہنچے گی،ورلڈ کپ ٹرافی 3 سے 5 اکتوبر تک لاہور، 6 سے 8 اکتوبر تک اسلام آباد اور 9 سے 13 اکتوبر تک کراچی میں نمائش کیلئے رکھی جائے گی۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ پہلی مرتبہ ٹرافی ٹور ان 11 ممالک میں بھی ہو گا جہاں کرکٹ بہت زیادہ نہیں کھیلی جاتی، ان ممالک میں نیپال، امریکہ اور جرمنی بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ کرکٹ ورلڈکپ اگلے سال 30 مئی سے 14 جولائی تک انگلینڈ اور ویلز میں کھیلا جائے گا۔