’ہوٹل میں کمرہ اپ گریڈ کروانا ہو تو جاتے ہی یہ کام کریں۔۔۔‘ ہوٹل ملازم نے مسافروں کو سب سے بڑا راز بتادیا
برمنگھم(نیوز ڈیسک) ہوٹل میں کمرہ اپ گریڈ کروانا ہو تو ظاہر ہے کہ اس کے لئے مزید رقم ادا کرنا ہو گی، لیکن اگر مزید رقم دئیے بغیر ہی آپ کو بہترین کوالٹی کا کمرہ مل جائے تو کیسا ہے؟ دلچسپ بات ہے کہ یہ کام کچھ ایسا مشکل بھی نہیں، اگر آپ جیکی الزبتھ کے مشورے پر عمل کریں۔
جیکی کئی سال تک ایک فائیو سٹار ہوٹل میں فرنٹ ڈیسک سپر وائزر کے طور پر کام کرچکی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ اگر آپ مفت میں کمرہ اپ گریڈ کروانا چاہتے ہیں تو جاتے ہی انہیں بتائیں کہ آپ ہنی مون کے لئے آئے ہیں۔ اگر ہنی مون کا بہانہ مناسب نہ لگے تو آپ کہہ سکتے ہیں کہ شریک حیات کے ساتھ چھٹیاں منانے نکلے ہیں، یا کوئی بھی ایسی بات بتائیے جس سے لگے کہ آپ زندگی کے کسی خاص موقعے کو منانے کے لئے نکلے ہیں۔
آپ کی یہ بات سُن کر ہوٹل کا عملہ بغیر آپ کی درخواست کے ہی کوشش کرے گا کہ آپ کا کمرہ اپ گریڈ کر دے۔ اُن کے پاس اگر بہتر کلاس کا کمرہ خالی ہوا تو وہ ضرور بغیر اضافی چارجز کے آپ کو وہ کمرہ دینا چاہیں گے تا کہ آپ کی خوشی کو دوبالا کر سکیں اور آپ ہمیشہ کے لئے اُن کے گاہک بن جائیں۔ اسی طرح وہ یہ کوشش بھی کریں گے کہ آپ کو بہترین سروس دی جائے۔
اور اگر آپ بکنگ کے وقت بچت کرنا چاہتے ہیں، اور عملے کی جانب سے اچھی سروس بھی چاہتے ہیں،تو جیکی کے پاس اور بھی اچھے مشورے ہیں ہیں۔وہ بتاتی ہیں کہ اگر آپ تھرڈ پارٹی ایجنٹ یا ویب سائٹوں کی مدد حاصل کرنے کی بجائے براہ راست ہوٹل میں کال کریں اور اپنی بکنگ کروائیں تو آپ کو بہتر اور سستے ریٹ مل سکتے ہیں اور آپ اپنے لئے اچھی سہولیات کا انتخاب مناسب خرچ پر کرسکتے ہیں۔
اگر آپ عملے کو ٹپ دیتے ہیں تو آپ ان کے رویے میں حیران کن بہتری دیکھیں گے۔ چاہے ریسیپشن پر ہوں، روم سروس میں یا لابی ریسٹورنٹ میں، ملازمین کو ہلکی پھلکی ٹپ ضرور دے دیجئے، وہ آپ کو یاد رکھیں گے اور ہر ممکن کوشش کریں گے کہ بہترین سروس فراہم کریں۔
اگر آپ کا رویہ اور لہجہ ہوٹل ملازمین کے ساتھ خوشگوار ہوگا تو اس کے بھی بہت اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔ جو لوگ ہوٹل ملازمین سے شائستگی سے پیش نہیں آتے انہیں بدترین سروس مہیا کی جاتی ہے۔
اگر آپ کسی ہوٹل میں پہلے ٹھہر چکے ہیں تو کوشش کیجئے دوبارہ اسی میں ٹھہریں۔ جب انہیں معلوم ہوگا کہ آپ ان کے پاس دوبارہ آئے ہیں تو آپ کو ریٹ بھی کم ملے گا اور سروس بھی اچھی ملے گی۔