عمران خان خودہی بیٹنگ ، باﺅلنگ اور فیلڈنگ کریں گے :سردار ایاز صادق نے پی اے سی کی چیئر مین شپ اپوزیشن کو نہ ملنے کی صورت میں حکومت کوتنبیہ کردی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ اگر اپوزیشن لیڈر کو پی اے سی کی چیئر مین شپ نہ دی گئی تو عمران خان خود ہی بیٹنگ ، باﺅلنگ اور فیلڈنگ کریں گے ، تحریک انصا ف ابھی تک حکومت کے موڈ میں نہیں آئی ،عمران خان اور فواد چودھری بدستور کنٹینر پر چڑھے ہوئے ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”نقطہ نظر “ میں گفتگو کرتے ہوئے سردارایاز صادق نے کہا کہ اگر اپوزیشن لیڈر کو پی اے سی کی چیئر مین شپ نہ دی گئی تو اپوزیشن کسی بھی کمیٹی میں نہیں بیٹھے گی اور نہ کسی کمیٹی کاحصہ بنے گی ۔ ان کاکہنا تھا کہ اگر ہم کسی کمیٹی کا حصہ نہ بنے تو عمران خان اکیلئے ہی میچ کھیلیں گے ، خود ہی بیٹنگ ، باﺅلنگ اور فیلڈنگ کریں گے ،یہ ایک روایت ہے کہ جودس سال سے بنی ہوئی ہے کہ چیئر مین پی اے سی اپوزیشن سے ہوتاہے ، اپوزیشن اور حکومت ایک ہی گاڑی کے دوپہیے ہیں ، اپوزیشن کے بغیر حکومت نہیں چل سکتی ۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ضمنی الیکشن میں سوائے ایک دو مقامات کے سیٹ ایڈ جسٹمنٹ ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بلاوجہ کی اپوزیشن نہیں کرنا چاہتے ، حکومت ملکی مفاد میں کوئی اقدام کرےگی تو ہم اس کی حمایت کریں گے ، تحریک انصاف ابھی تک حکومتی موڈ میں نہیں آئی ، عمران خان اور فواد چودھری ابھی تک کنٹینر پر چڑھے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ایسے اقدامات کرکے خود ہی اپوزیشن کا کام آسان کررہی ہے ۔