اہلحدیث اتحاد کونسل کا تحریک انصاف کے امیدوار ہمایوں اختر خاں کی بھرپور حمایت کا اعلان
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو ضمنی انتخاب میں بڑا دھچکا لگ گیا ،مسلم لیگ ن کی اہم اتحادی جماعت مرکزی جمعیت اہل حدیث سمیت دیگر اہلحدیث جماعتوں کےالائنس ’’ اہل اتحاد کونسل‘‘ نےحلقہ این اے 131 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ہمایوں اختر خاں کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ فیصلہ اہلحدیث اتحاد کونسل کے زیر اہتمام والٹن میں منعقدہ ایک اہم اجلاس جس کی صدارت مولانا شکیل الرحمن ناصر نے کی میں تمام اہل حدیث جماعتوں کی جانب سے متفقہ طور پر کیا گیا ۔اجلاس میں شامل جماعتوں جماعت اہل حدیث پاکستان، مرکزی جمعیت اہل حدیث، مرکزی جمعیت اہل حدیث (العالمی)، جمعیت اہل حدیث، متحدہ جمعیت اہل حدیث، جماعت غرباء اہل حدیث اور اہل حدیث یوتھ فورس سمیت دیگر اہل حدیث جماعتوں کے زیلی ونگ کے اہم رہنماؤں نے شرکت کی اور خواجہ سعد رفیق کی سابقہ کارکردگی ، جماعتی ساتھیوں کے ساتھ روابط اور اہم امور اور درپیش مسائل کے حوالے سے عدم تعاون کی روش رکھنے کے سبب حالیہ ضمنی الیکشن میں خواجہ سعد رفیق کی بجائے ہمایوں اختر خان کی حمایت کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس کی صدارت مولانا شکیل الرحمن ناصر نے کی۔ اس موقع پر مولانا زاہد ہاشمی، مولانا سعد رفیق، مولانا محمد بشیر سلفی، حافظ سمیع اللہ، مولانا یونس ریحان، حافظ عبید الرحمن ایڈووکیٹ، ابو عبد اللہ فاروقی ،مولانا عبداللہ محمدی،مولانا قاری عتیق الرحمن سلفی،مولانا حافظ اسلم مدنی ،مرزا مدثر بیگ ،مولانا یحیی عباسی،مولانا حافظ زیشان ظفر،مولانا محمد رفیق ،مولانا محمد عالم سلفی،مولانا محمد آصف عثمانی،میاں عامر بشیر،مولانا ابو بکر معاویہ ،ارشد عمران ظہیر،مولانا امانت الرحمن عثمانی ،مولانا نعیم الرحمن سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔