عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا کو نوازشریف سے بات نہ کرنے دینا اوچھے ہتھکنڈے ہیں:مجیب الرحمان شامی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) کہنہ مشق صحافی ، معروف دانشور اور سینئر تجزیہ کار مجیب الرحمان شامی نے کہاہے کہ نوازشریف سے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا کو ان سے بات نہ کرنے دینا اوچھے ہتھکنڈے ہیں، اپوزیشن پی اے سی کی چیئر مین شپ کے معاملے پر متحدہے،حکومت کی جانب سے برطرفیوں سے انتقام کی بو آتی ہے ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”نقطہ نظر “ میں گفتگو کرتے ہوئے مجیب الرحمان شامی نے کہا کہ اپوزیشن پی اے سی کی چیئر مین شپ کے معاملے پر متحدہے اور حکومت کے کسی بھی فرد کوبطور چیئر مین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی قبول نہیں کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو بلاول بھٹو زرداری کے اس جملے پر غور کرنا چاہئے جو انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں کہاہے۔ان کاکہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں زعیم قادری کی اہلیہ نے حلف اٹھا لیا ہے اور یہ حلف مسلم لیگ ن کی نشست پر اٹھایا گیاہے ، اس لئے ان کو پارلیمانی کردار بھی مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم پر ہی نبھانا ہوگا البتہ لگ رہاہے کہ اس حوالے سے کچھ نہ کچھ معاملہ طے ہوجائیگا ۔
لیاری میں غفار ذکری کی ہلاکت کے حوالے سے مجیب الرحمان شامی نے کہا کہ سیاست اور جرائم کا چولی دامن کا ساتھ ہے، جب ادارے کمزور ہوجاتے ہیں تو یہ جرائم پیشہ عناصر پھیلتے بھولتے ہیں، ابھی ان کے انڈے اور بچے موجود ہیں ، اس لئے ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا ہوگا ۔حکومت کی جانب سے مختلف اداروں کے سربراہان کو برطرف کرنے کے سوال پرانہوں نے کہا کہ یہ کوئی امریکہ نہیں بلکہ برطانوی پارلیمانی نظام ہے جو پاکستان میں رائج ہے ، تقرریوں کے حوالے سے انفرادی طور پر جائزہ لینے کی ضرورت ہے لیکن برطرفیوں سے انتقام کی بو آتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف سے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا کو ان سے بات نہ کرنے دینا اوچھے ہتھکنڈے ہیں، اس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا ۔