پاکستان عوامی سوسائٹی کویت کے زیراہتمام محفل مسالمہ بیاد کربلا
کویت(محمد عرفان شفیق) پاکستان عوامی سوسائٹی کویت کے زیراہتمام محرم الحرام کے سلسلہ میں ایک پروگرام بعنوان محفل مسالمہ بیاد کربلاء کا انعقاد ہوا۔جس میں پاکستان کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کا شرف حافظ عبدالرشید نے حاصل کیا جبکہ سید انوار شاہ نے ہدیہ نعت پیش کیا۔
عظیم الشان محفل مسالمہ میں قمر عباس نے اپنی ٹیم کے ہمراہ منقبت کو اس انداز میں پیش کیا کہ ہر آنکھ اشکبارہو گئی۔ پروگرام میں کویت میں مقیم شعراء فضل عثمان، کمال انصاری، فائزہ صدیقی، شاہد حسین، خضر حیات خضر، سید صداقت علی ترمذی، سعید کربلائی، نسیم زاہد، عماد بخاری ، بدر سیماب، شاہجہان جعفری اور دیگر شعراء نے شہدا کربلاء کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت و محبت پیش کیا جبکہ پروگرام کی نقابت کے فرائض میاں آصف، محمد فیصل اور صفدر علی صفدر نے سرانجام دیے اور خضر حیات خضر نے استقبالیہ کلمات ادا کئے۔پروگرام میں عطاء الٰہی نے امام حسینؓ کا مکہ سے مدینہ اور پھر کربلاء کے سفر اور معرکہ کربلاء کو ڈاکومنٹری کی صورت میں پیش کیا۔ رضوان بھٹی، شاہد حسین اور امتیاز حسین نے درووو سلام پیش کیا۔
پاکستان عوامی سوسائٹی کے صدر سید جعفر صمدانی ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے شہادت حسین کے احوال پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ شہادت حسینؓ دراصل سیرت مصطفی ﷺ کا ہی باب ہے۔ سیرت حسینؓ سچائی کے لئے ڈٹ جانے کا نام ہے۔ پروگرام کے اختتام میں صدر منہاج القران انٹرنشنل کویت حاجی عبدالرشید نے ملک وکویت و پاکستان اور شہدا ء کربلا کے لیے خصوصی دعا کی۔