”وزیراعظم کے کتے ”موٹو“ کیلئے بھی سرکاری نمبر پلیٹ والا ’ڈالا‘ مختص کر دیا گیا ہے اور۔۔۔“ سلیم صافی نے ایسا انکشاف کر دیا کہ سوشل میڈیا پر طوفان برپا ہو گیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) معروف سینئر صحافی و تجزیہ کار سلیم صافی نے دعویٰ کیا ہے کہ میں نے وزیراعظم عمران خان کے کتے ”موٹو“ کے ہیلی کاپٹر میں سفر کرنے کی خبر دی تو اس کے بعد اب ’موٹو‘ کیلئے سرکاری نمبر پلیٹ والا ایک ڈالہ مختص کر دیا گیا ہے جس میں وہ بنی گالہ سے وزیراعظم ہاﺅس کا سفر کرتا ہے اور بنی گالہ واپسی بھی ایسے ہی ہوتی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سلیم صافی نے کہا کہ کتنی بدقسمتی ہے کہ جس ملک میں اتنے بڑے بڑے مسائل ہوں، سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہو، عالمی طاقتوں کیساتھ تعلقات میں کشیدگی ہو، دنیا بھر میں عجیب و غریب الزامات لگ رہے ہوں، ہندوستان جیسی طاقت کیساتھ دشمنی چل رہی ہو، افغانستان کی یہ صورتحال ہو، پھر ملک کے اندر غربت، جہالت، انتہاءپسندی، دہشت گردی اورسب سے بڑی بات ڈوبتی ہوئی معیشت ہو، ہم شام کو بیٹھتے ہیں تو اس طرح کے چھوٹے چھوٹے مسائل پر بحث کرنا پڑتی ہے۔
پہلی بات تو یہ ہے کہ پچھلے پانچ سال ہم یہ التجاءہی کرتے رہے کہ ہمیں ملک کے اصل مسائل کی جانب جانا چاہئے مگر یہی بحث ہوتی تھی کہ فلاں اس طرح کے گھر میں رہتا ہے اور فلاں اس طرح کے گھر میں رہتا تھا۔ پھر ہم یہ امید لگائے بیٹھے تھے کہ شاید اقتدار میں آنے کے بعد پی ٹی آئی کا رویہ بھی ایک میچور سیاسی جماعت اور حکومت کا ہو جائے گا لیکن سب کچھ آپ کے سامنے ہے۔ میں نے نواز شریف سے اخراجات کی بات بھی اس حوالے سے ہی کی تھی کہ آپ اس ملک کے وزیراعظم ہیں تو یہ کہنے کی بجائے کہ میں وزیراعظم ہاﺅس میں نہیں رہوں گا اور یہ کروں گا، وہ کروں گا، اصل مسائل پر آئیں، عملی طور پر دیکھیں تو گورنرکے پی نے گورنر ہاﺅس میں نہ رہنے کا اعلان کیا تھا لیکن اب اسے صرف ہفتے میں دو دن عوام کیلئے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور باقی صوبوں کو بھی دیکھ لیں۔
ایوان صدر کو نہیں چھیڑا جا رہا لیکن وزیراعظم ہاﺅس کے اندر وہی گیٹ، وہی لان اور وہی پروٹوکول اور سار ی تعیشات ہیں مگر پھر یہ اعلان کر دیا گیا کہ میں اسی وزیراعظم ہاﺅس کے اندر دو، تین کمروں میں نہیں بلکہ ملٹری سیکرٹری کے ان دو، تین کمروں میں رہوں گا، پھر میں نے سینیٹر فیصل جاوید خان کی ویڈیو دیکھی جس میں وہ وزیراعظم ہاﺅس کی بے چاری بھینسوں کیساتھ فاتحانہ اور شاہانہ انداز میں گھوم رہیں گے ان کی دیکھ بھال کرنے والے کا انٹرویو کر رہے ہیں۔
چھٹیوں پر جانے سے پہلے میں نے جب پہلے ہیلی کاپٹر کی خبر دی تھی تو فواد چوہدری نے پچاس روپے فی کلومیٹر کے سفر کی بات کر دی ، پھر میں نے یہ خبر دیدی کہ مشرف نے وزیراعظم عمران خان کو جو کتا دیا تھا ”شیرو“ وہ تو مر گیا ہے لیکن اب وزیراعظم کے پاس ”موٹو ہے جو ہیلی کاپٹر میں ہی وزیراعظم کے ساتھ بیٹھ کر وزیراعظم ہاﺅس جاتا تھا اور پھر وہاں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہی بنی گالہ آتا تھا۔ اس کے بعد میں نے خاتون اول کا انٹرویو دیکھا جس میں انہوں نے کتے کی حالت کے بارے میں احساسات اور اپنے احساسات بیان کئے تھے۔ ”موٹو“ کے ہیلی کاپٹر میں سفر کی خبر کے بعد اب اس کیلئے سرکاری نمبر پلیٹ والا سرکاری ڈالہ مختص کر دیا گیا ہے۔ میں اس حکومت کا وزیر اطلاعات تھوڑی ہوں جو دیکھے بغیر بات کروں گا، میری بات اگر غلط ہے تو چیلنج کیا جائے، وزیراعظم عمران خان اور خاتون اول جب وزیراعظم ہاﺅس سے بنی گالہ جاتے ہیں تو ’موٹو‘ کو اس ڈالے کے ذریعے بنی گالہ پہنچایا جاتا ہے اور پھر بنی گالہ سے وزیراعظم ہاﺅس کا سفر بھی ایسے ہی ہوتا ہے۔
۔۔۔ویڈیو دیکھیں۔۔۔