پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کا اتحاد کس سیٹ کیلئے ہو رہا ہے اور اتحاد کے باوجود پیپلز پارٹی کا ووٹ (ن) لیگ کو کیوں نہیں ملے گا؟ حبیب اکرم کا دعویٰ نواز شریف اور زرداری کو بھی پریشان کر دے گا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) معروف صحافی و تجزیہ کار حبیب اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کا اتحاد ضمنی انتخابات کیلئے ہوا ہے لیکن اس اتحاد کے باوجود بھی پیپلز پارٹی کا ووٹ مسلم لیگ (ن) کو نہیں ملے گا اور پی پی کا ووٹر پی ٹی آئی کو ووٹ دینے کو ترجیح دے گا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حبیب اکرم نے کہا کہ رانا ثناءاللہ اورقمر زمان کائرہ اکٹھے کھڑے ہو کر پریس کانفرنس کر رہے ہیں، دونوں پارٹیوں کیلئے یہی عبرت کا مقام ہے، انہوں نے دشمنیاں اتنی بڑھائیں اور ایک دوسرے کیخلاف بہت کچھ کیا مگر آج انہیں اکٹھا ہونا پڑا اور وہ بھی کسی آمر کیخلاف نہیں بلکہ ایک جمہوری جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف اکٹھے ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان جو اتحاد اور اتفاق نظر آ رہا ہے اس کی وجہ ضمنی انتخابات ہیں اور اگر لاہور کی بات کی جائے تو پیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن) کی حمایت نہ بھی کرے تو کوئی فرق نہیں پڑتا جبکہ حمزہ شہباز والے حلقے میں بھی یہی حال ہے اور ان کی حمایت بے معنی ہے، یہ پورے کا پورا معاملہ اسلام آباد کی سیٹ کیلئے سجایا جا رہا ہے اور انہیں نظر آ رہا ہے کہ وہاں پیپلز پارٹی اہم ووٹ رکھتی ہے اور اس سیٹ پر مسلم لیگ (ن) کو پیپلز پارٹی کے ووٹوں کی ضرورت ہے مگر میرا یہ خیال اور گمان ہے کہ یہ اتحاد بھی پیپلز پارٹی کے ووٹ (ن) لیگ کو نہیں دلوا سکے گا اور پی پی کے ووٹرز ووٹ نہ ڈالنے یا پی ٹی آئی کو ووٹ دینے کو ترجیح دیں گے۔
اسی طرح رحیم یار خان والی سیٹ کی بات کی جائے جو وزیراعظم عمران خان نے چھوڑی تھی تو اس پر پیپلز پارٹی کو برتری ہے اور وہاں ووٹر بھی ایسا ہے جو پیپلز پارٹی کی بات بھی مان لے لیکن کراچی میں عمران خان کی چھوڑی ہوئی نشست پر پیپلز پارٹی الیکشن لڑنا چاہ رہی ہے، وہاں فیصلہ کن کردار ایم کیو ایم ادا کرے گی، اگر ایم کیو ایم کے ووٹرز اور کارکنوں کو بیرون ملک سے کوئی اشارہ آ گیا تو پھر ساری جماعتیں مل جائیں تو کچھ نہیں ہو گا اور اگر اشارہ نہ آیا تو وہاں کوئی نہ کوئی اپ سیٹ ہو سکتا ہے، تو اس اتحاد سے بہت زیادہ توقعات نہیں لگائی جا سکتیں کہ یہ ساری سیٹیں جیت جائیں گے۔
۔۔۔ویڈیو دیکھیں۔۔۔