حکومت پاکستان کی طرف سے عائد وہ پابندی جس نے تارکین وطن کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا
ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب کے منطقہ شرقیہ الخبر، الدمام ،الحسا، الجبیل اور مضافاتی کیمپس میں مقیم پاکستانیوں نے پاکستان فورم الخبر منطقہ شرقیہ کی وساطت سے حکومتِ پاکستان سے اپیل کی ہے کہ حکومت پاکستان اور بنکوں کی جانب سے لاگو کی گئی حالیہ بائیو میٹرک پالیسی سے انہیں بہت سی مشکلات کا سامنا ہے، پردیس میں دور دراز شہروں سے دور کیمپوں میں رہنے والے پاکستانیوں کی اکثریت کم تعلیم یافتہ ہے، جو بنک کے معاملات سے زیادہ واقف نہیں ہیں اور اپنے وطن میں گھر والوں کو پڑھے لکھے دوستوں کی خدمات سے رقم کی ترسیل کرتے ہیں، جس سے ان کے خاندانوں کے روزمرہ اخراجات تعلیم اور صحت کے معاملات حل ھوتے ھیں اور دو تین سالوں میں ایک بار وطن کا چکر لگتا ہے، اب جبکہ بنکوں کی طرف سے بائیو میٹرک سسٹم کا اعلان کیا گیا ہے اور اکاونٹ سے رقم نکالنا ممکن نہیں رہا لہذا اس ضمن میں مسائل بڑھتے جا رہے ہیں۔
اوورسیز پاکستانیوں نے اپیل کی ہے کہ انہیں اپنی کمائی قانونی اور جائز ذرائع کے ساتھ وطن عزیز روانہ کرنے میں سہولت مہیا کی جائے جس سے زر مبادلہ کے ذرائع میں اضافہ ہو اور ان کے مسائل بھی بر وقت حل ھو سکیں حکومت کی طرف سے دی گئی چھ ماہ کی میعاد بہت کم ہے اس کی توسیع پر ہمدردانہ غور کیا جائے اور تارکینِ وطن کے خاندانوں کو پیش آنے والے مسائل کو حل کرنے کے لیے بر وقت اقدامات اٹھائے جائیں۔