خیبرپختونخوا کے سکول میں تقسیم کرنے کے لیے برقعے سرکاری فنڈز سے خرید کر تقسیم کردیئے گئے
مردان(ویب ڈیسک) صوبہ خیبرپختونخوا میں سرکاری سکولوں کی طالبات کو برقعے پہنانے کے لیے سرکاری فنڈ نے خریداری کرلی گئی۔
ہم نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقے مردان رستم میں واقع چینہ کے اسکول کی طالبات میں 90 برقعے تقسیم کیے گئے ہیں، طالبات میں تقسیم کرنے کے لیے برقعوں کی خریداری ضلع کونسل کے فنڈز سے کی گئی ہے۔سابق رکن ضلع کونسل مظفر شاہ کا کہنا ہے کہ مردان کی علاقائی روایات کے پیش نظر پردہ کرنے کے لیے طالبات کو برقعے دیے گئے ہیں۔
یادرہے کہ کے پی میں گزشتہ دنوں سرکاری اسکول کی طالبات کے لیے پردہ لازمی قرار دینے کا اعلامیہ محکمہ تعلیم نے جاری کیا تھا جس کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان کے احکامات پراسے فوری طور پر واپس لے لیا گیا تھا۔صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا اس ضمن میں کہنا تھا کہ صرف ایک ضلع میں والدین کی مرضی پر اعلامیہ جاری کیا گیا تھا۔ انہوں ںے کہا کہ پردہ مذہب کا حصہ ہے لیکن زبردستی لاگو نہیں کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے واضح کیا تھا کہ صوبہ کے پی میں طالبات کے لیے چادر یا عبایا لازمی قرار دینے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کو بتایا تھا کہ متعلقہ سکولوں کو جاری کردہ اعلامیہ واپس لینے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔