عمر شریف کی نما ز جنازہ آج جرمنی میں ادا کی جائیگی، میت کل پاکستان پہنچنے کا امکان 

عمر شریف کی نما ز جنازہ آج جرمنی میں ادا کی جائیگی، میت کل پاکستان پہنچنے کا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


          کراچی، اسلام آباد،برلن (سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) جرمنی میں انتقال کرجانے والے کامیڈین عمر شریف کا جسد خاکی کل منگل کو پاکستان لائے جانے کا امکان ہے۔ جرمنی میں پاکستان کے سفارت خانے کا عمر شریف کے ہمراہ علاج کے لیے جانے والی ان کی اہلیہ سے مسلسل رابطہ ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومتی سطح پر کوششیں کی جارہی ہیں کہ میت کو منتقلی کے حوالے سے (آج)  سے باقاعدہ کاغذی کارروائی شروع کی جائے گی اور امید ہے کہ ان کی میت کل منگل کو کراچی پہنچے گی۔مرحوم عمر شریف کے بیٹے نے میڈیا کو بتایا تھا کہ عمر شریف کی خواہش تھی کہ انہیں حضرت عبداللہ شاہ غازی  کے مزار کے احاطے میں دفن کیا جائے، جب کہ ان کی اہلیہ زریں غزل نے جید عالم دین مفتی تقی عثمانی سے درخواست کی ہے کہ وہ عمر شریف کی نماز جنازہ پڑھائیں۔ انہوں نے درخواست قبول بھی کر لی ہے،سندھ حکومت نے بھی کہا ہے کہ مرحوم اور ان کے اہل خانہ کی خواہش کا احترام کیا جائے گا۔  لیجنڈ اداکار عمر شریف کی اہلیہ زریں عمر نے کہا ہے کہ پاکستان، بھارت سمیت دنیا بھر میں بسنے والے پرستاروں کی دعاؤں کی وجہ سے عمر شریف علاج کیلئے جرمنی تک پہنچے تھے،اب وہ جس سفر پر روانہ ہو رہے ہیں انہیں اس میں آسانی کیلئے اپنے پرستاروں کی دعاؤں کی اسی طرح ضرورت ہے، شکر گزار ہوں کہ سندھ حکومت نے عمر شریف کی عبد اللہ شاہ غازی کے مزارکے احاطے میں تدفین کی آخری خواہش کو بھی پورا کیا ہے۔ جرمنی سے جاری ویڈیو بیان میں زریں عمرنے کہاکہ میں وزیر اعظم عمران خان، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، مرتضیٰ وہاب، وسیم بادامی،ڈاکٹر طارق شہاب،جرمنی کے سفیر،قونصلر جنرل اورجس جس نے بھی اس کڑے وقت میں ہماری مدد کی ان کی انتہائی مشکور ہوں۔انہوں نے کہا کہ عمر شریف بزرگان دین سے انتہائی لگاؤ رکھتے تھے اور ان کی خواہش تھی کہ دنیا سے جانے کے بعدانہیں صوفی بزرگ عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں دفن کیا جائے، اس حوالے سے سندھ حکومت سے درخواست کی گئی جسے منظور کر لیا گیا ہے،میری مفتی تقی عثمانی سے بات ہوئی ہے وہ عمرشریف کی نماز جنازہ پڑھائیں گے۔ زریں عمر نے روتے ہوئے کہاکہ میری جب سے عمر شریف کے ساتھ شادی ہوئی ہے میں ہرجگہ ان کے ساتھ جاتی تھی،وہ اس سفر میں بھی مجھے اپنے ساتھ لے جاتے،مجھے اکیلے چھوڑ کر کیوں سفر پر روانہ ہو گئے۔کامیڈی کنگ و معروف اداکار عمرشریف کی نمازجنازہ جرمنی میں اداکی جائیگی،عمرشریف کی نمازجنازہ نیورمبرگ میں پیر کوآج ایک بجے ادا کی جائیگی،عمرشریف کی نمازجنازہ نیورمبرگ کی مقامی ترکش مسجد میں بعد نمازظہر ادا ہو گی، ممکنہ طور پر میت منگل کے روز پاکستان لائی جائے گی،عمرشریف کی میت کومیونخ سے کراچی قطر ایئرویزسے منتقل کیاجائیگا، مرحوم کی اہلیہ زرین غزل میت کے ہمراہ کراچی پہنچیں گی۔دریں اثنامشہور پاکستانی کامیڈین اداکار عمر شریف کی بیماریوں اور علاج سے متعلق ڈاکٹر طارق شہاب نے ویڈیو پیغام میں حقیقت سے آگاہ کرتے ہوئے کہاہے کہ عمر شریف کو کئی بیماریاں تھیں، کئی علاج ہوئے اور کئی بیماریوں کا علاج بھی جاری تھا۔ عمر شریف کا گردہ کام نہیں کر رہا تھا، شوگر کا مرض بھی تھا۔امریکا کے جارج واشنگٹن یونیورسٹی ہسپتال کے ماہر امراض قلب ڈاکٹر طارق شہاب نے تفصیلی ویڈیو بیان میں کہا کہ عمر شریف کو کئی بیماریاں تھیں، کئی علاج ہوئے اور کئی بیماریوں کا علاج بھی جاری تھا۔ عمر شریف کا گردہ کام نہیں کر رہا تھا، شوگر کا مرض بھی تھا۔ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق اداکار عمر شریف کی پہلے بھی بائی پاس سرجری ہوچکی تھی اس کے باوجود کراچی اور جرمن ڈاکٹرز نے عمر شریف کو بچانے کیلئے سر توڑ کوششیں اور محنت کی۔ڈاکٹر طارق شہاب نے کہا کہ امریکہ کے جارج واشنگٹن یونیورسٹی ہسپتال میں عمر شریف کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے، ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق عمر شریف کو جرمنی پہنچ کر انفیکشن ہوگیا، انفیکشن ختم ہونے تک سرجری کے لیے لگ بھگ دو ہفتے تک انتظار کرنا پڑتا۔ڈاکٹر طارق شہاب نے کہا کہ اس کیلئے انہوں نے طے کر لیا تھا کہ اگر جرمنی میں عمر شریف کی صحت بہتر نہ ہوئی تو وہ خود اپنے ساتھی ڈاکٹرز کے ساتھ جرمنی جانے والے تھے۔ ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق اس سلسلے میں ان کی جرمنی کے نیورمبرگ ساتھ اسپتال کی انتظامیہ سے بھی بات ہو گئی تھی۔ ہفتے کو عمر شریف کا ڈائیلائسز بھی بہترین انداز سے ہو گیا تھا مگر اس کے بعد ان کے دل نے بتدریج کام کرنا چھوڑ دیا اور پھر دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔
ڈاکٹر شہاب

مزید :

صفحہ اول -