لاہور،کولڈ سٹور سے 3سال پرانا7 ہزار کلو گوشت برآمد ،حلال حرام کی تفریق نہ ہو سکی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )محکمہ فوڈ اتھارٹی نے صوبائی دارالحکومت لاہور کے کولڈ سٹور سے 3سال پرانا 7ہزار کلو گوشت برآمد کر لیا ہے، ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق گوشت کی حلال ،حرام کی تفریق بھی نہیں ہو سکی۔
نجی ٹی وی" ایکسپریس نیوز "نے ترجمان محکمہ فوڈ اتھارٹی کے حوالے سے بتایا کہ ہوٹل سے باسی گوشت ملنے پر سپلائر کا پتا لگانے کی ٹھانی تو کولڈسٹور کا سراغ نکلا، کولڈ سٹور لاہور کے علاقے ملتان روڈ پر واقع ہے جب وہاں پر چھاپہ مارا گیا تو وہاں سے 3سال پرانے امپورٹڈ سری پائے ، کھد، زبان، باسی گوشت برآمد ہوا۔ کولڈ سٹور میں مختلف ممالک سے درآمد حلال، حرام کی تفریق کے بغیر ایکسپائر گوشت برآمد ہوا ہے ، ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق تمام گوشت کو پیمکو بھٹی میں جلا کر تلف کر دیا گیا ہے، کولڈ سٹور مالک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ تمام خریداروں کی تفصیل حاصل کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب سرگودھا سے 6 ہزار کلو ملاوٹی اشیاء برآمد ہوئی ہیں جن میں بیسن ، مرچیں چاول اور دالیں شامل ہیں، محکمہ فوڈ اتھارٹی نے سرگودھا میں ملاوٹی بیسن اور مرچیں تیار کرنے والی فیکٹری بند کر دی ہے، فیکٹری سے 800کلو مرچیں ،1850کلو دال مونگ، 1700کلو دال مٹری ، 500کلو ٹوٹا چاول اور 800کلو بیسن ضبط کیا گیا ہے ، تمام اشیاء ملاوٹی ہیں۔