پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام کا آغازکردیا،80لاکھ خاندان مستفید ہونگے، عمر سرفراز چیمہ

پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام کا آغازکردیا،80لاکھ خاندان مستفید ہونگے، عمر ...
 پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام کا آغازکردیا،80لاکھ خاندان مستفید ہونگے، عمر سرفراز چیمہ

  

لاہور (نمائندہ خصوصی+ فلم رپورٹر) مشیر اطلاعات حکومت پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے  کہاہے کہ شہباز، زرداری حکومت انتقام میں اندھی ہوچکی مگر پی ٹی آئی کی صوبائی حکومتوں کی توجہ عوامی خدمت پر ہے۔ عمران خان کے وژن, چودھری پرویزالہٰی کی قیادت اور ثانیہ نشتر کی ان تھک کاوشوں سے100ارب روپے کے پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام کا آغازکردیاہے۔شہباز زرداری حکومت کی نااہلی سے مہنگائی کی چکی میں پستی عوام کیلئے یہ بڑا تحفہ ہے۔پنجاب کے 80لاکھ خاندان اس عظیم فلاحی منصوبے سے مستفید ہونگے۔آٹا،دالیں، کوکنگ آئل اورگھی میں 40فیصدتک رعایت ملے گی۔مستحق افراد کی رجسٹریشن کا عمل 2 ہفتے تک جاری رہے گا،احساس پنجاب کی ویب پورٹل پر جا کر بھی رجسٹریشن کروائی جاسکتی ہے۔عوامی خدمت کے ایک بڑے منصوبے 1122 کی تمام تحصیلوں میں توسیع کردی گئی ہے۔74تحصیلوں میں نئی ریسکیو ایمبولینس گاڑیاں فراہم کردی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ  موٹر بائیک ریسکیو سروس کی پنجاب کے تمام اضلاع میں توسیع کردی گئی۔16سال بعد ریسکیورز کیلئے سروس ریگولیشنز کی منظوری دیدی گئی ہے۔کمزور طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے احساس پروگرام پنجاب میں مزید نئے منصوبے شروع کیے جارہے ہیں۔

مشیرِ اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا الحمراء میں عشرہ شانِ رحمتہ اللعالمینؐ کی تقریبات کی مناسبت سے اسمِ محمؐد پر مبنی خطاطی کی نمائش کے افتتاح کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ہمارے ہونہار آرٹسٹوں کا محسن انسانیتؐ کے پاک اسم پر خطاطی کا کام باکمال ہے۔ ایسی نمائشوں کے انعقاد سے مقامی آرٹسٹوں کی حوصلہ افزائی ہو گی۔  پنجاب حکومت  نبی کریمؐ کی تعلیمات سے عوامی آگاہی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے صوبے بھر میں عشرہ رحمت اللعالمینؐ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔   نبی کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے کہ طاقتور اور کمزور کیلئے الگ قانون اپنانے والی قومیں تباہ ہو جاتی ہیں۔ ہمارے ملک میں بھی کمزور اور طاقتور کیلئے الگ الگ قانون نافذ ہے۔ ملکی آئین اور قوانین کی پاسداری کا حلف لینے والے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں جبکہ امپورٹڈ حکومت اپنی کرپشن بچانے کیلئے احتساب کے قوانین میں من پسند تبدیلیاں کیے جا رہی ہے۔ پی ڈی ایم کی شکل میں چوروں اور ڈاکوؤں کا ٹولہ سوچی سمجھی سازش کے تحت قوم پر مسلط کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم کا مقصد اپنی جیبیں بھرنا جبکہ چیئرمین عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا مشن عوامی خدمت ہے۔ پنجاب حکومت انتقام نہیں, عوامی خدمت کی سیاست کر رہی ہے۔

مزید :

رپورٹر پاکستان -علاقائی -پنجاب -لاہور -