مقدمہ درج نہ ہونے پر جنسی زیادتی کی متاثرہ لڑکی نے پولیس سٹیشن میں خودکو آگ لگا لی

مقدمہ درج نہ ہونے پر جنسی زیادتی کی متاثرہ لڑکی نے پولیس سٹیشن میں خودکو آگ ...
مقدمہ درج نہ ہونے پر جنسی زیادتی کی متاثرہ لڑکی نے پولیس سٹیشن میں خودکو آگ لگا لی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

بہاولپور(مانیٹرنگ ڈیسک) پولیس کی طرف سے ایف آئی آر درج نہ کرنے پر جنسی زیادتی کی متاثرہ لڑکی نے پولیس سٹیشن میں خودکو آگ لگا لی۔ ڈیلی ڈان کے مطابق یہ واقعہ احمد پور شرقیہ کے تھانہ سٹی میں پیش آیا ہے جہاں متاثرہ لڑکی نے احتجاجاً خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگالی۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ لڑکی (س) کو کچھ اوباشوں نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا جن کے خلاف وہ ایف آئی آر درج کرانے تھانہ سٹی گئی مگر پولیس والوں نے ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کر دیا۔متاثرہ لڑکی اُچ شریف کی شوکت کالونی کی رہائشی ہے جہاں ملزمان نے گھر میں گھس کر نہ صرف اس کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا بلکہ اس کی کم عمر بچی کو بھی اغواءکرکے لے گئے۔
جب اُچ پولیس نے متاثرہ لڑکی کی شکایت پر ایف آئی آر درج نہ کی تو وہ احمد پور شرقیہ چلی گئی اور تھانہ سٹی میں ایف آئی آر درج کرانے کی کوشش کی مگر وہاں بھی پولیس والوں نے انکار کر دیا جس پر دلبرداشتہ ہو کر اس نے خودسوزی کا انتہائی اقدام اٹھا لیا۔ پولیس والوں نے آگ بجھا کر لڑکی کو زخمی حالت میں ہسپتال پہنچا دیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ 
پولیس والوں نے ملزمان کے خلاف بچی کے اغواءاور ماں کے ساتھ جنسی زیادتی کی ایف آئی آر تو درج نہ کی تھی مگر مجبور ہو کر خودسوزی کرنے والی لڑکی کے خلاف اقدام خودکشی کا مقدمہ فوری طور پر درج کر لیا گیا ہے اور اب ہسپتال سے صحتیاب ہونے کے بعد اسے اس مقدمے میں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔