ڈانس کرتے نوجوان کی موت، ہسپتال لے جانیوالا باپ بھی صدمے سے چل بسا
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں گربا ڈانس کرتے ہوئے ایک نوجوان کی موت واقع ہو گئی اور اسے ہسپتال لیجانے والا اس کا باپ صدمے سے چل بسا۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق یہ واقعہ ریاست مہاراشٹر کے ضلع پالگھر میں واقع قصبے ویرار میں پیش آیا جہاں 35سالہ منیش نراپ جی سونیگرا گلوبل سٹی کمپلیکس میں ہونے والے ایک گربا (ریاست گجرات کاروایتی ڈانس) ایونٹ میں شریک تھا۔
ایونٹ میں ڈانس کرتے ہوئے اچانک منیش بے ہوش ہو کر گر گیا، جسے اس کا 66سالہ باپ نراپ جی سونیگرا اٹھا کر ہسپتال لے گیا، جہاں پہنچتے ہی ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔ ڈاکٹروں کے منہ سے اپنے بیٹے کی موت کا سن کر باپ کو بھی ایسا صدمہ ہوا کہ وہ بھی موقع پر ہی گر کر دم توڑ گیا۔
حکام کے مطابق باپ بیٹے کی اموات کو حادثاتی قرار دیا گیا ہے اور ان کی میتیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دی گئی ہیں۔