آپ بچوں کے جھولے بند کرانا چاہتے ہیں؟سندھ ہائیکورٹ کا درخواست گزار سے استفسار

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے پبلک پارکس میں داخلہ فیس وصول کرنے کیخلاف درخواست پر کے ایم سی اور سندھ حکومت سے پارکس کی مکمل تفصیلات طلب کرلیں۔
نجی ٹی وی چینل" دنیا نیوز" کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں پبلک پارکس میں داخلہ فیس وصول کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، وکیل کے ایم سی نے کہاکہ کے ایم سی کے کسی پارک میں داخلہ فیس وصول نہیں کی جارہی، درخواست گزار کاکہنا ہے کہ ہل پارک میں فیس دیئے بغیر بچے داخل ہی نہیں ہو سکتے،عسکری پارک میں 120روپے انٹری فیس وصول کی جارہی ہے۔
قائم مقام چیف جسٹس عرفان سعادت خان نے کہاکہ جن پارکس میں جھولے لگے ہیں وہاں جھولا جھولنے کی تو فیس لی جا سکتی ہے،جھولے بجلی سے چلتے ہیں، ان کے اخراجات ہوتے ہیں۔
درخواست گزار نے کہا کہ سپریم کورٹ اپنے حکم میں لکھ چکی ہے، پارکس میں کوئی کمرشل کام نہیں ہوگا۔
عدالت نے کہاکہ اگر پارکس میں داخلہ مفت دیا جارہا ہے تو جھولے مفت کیسے دیئے جا سکتے ہیں؟پارکس میں دیگر سہولیات بھی تو موجود ہوتی ہیں،
عدالت نے درخواست سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ بچوں کے جھولے بند کرانا چاہتے ہیں؟
وکیل طارق مسعود نے کہاکہ حکومت پارکس کی مینٹی ننس، سہولیات کی پابند ہے، فنڈز مختص کئے جاتے ہیں۔
عدالت نے کے ایم سی اور سندھ حکومت سے پارکس کی مکمل تفصیلات طلب کرلیں،درخواست پر سماعت نومبر کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی گئی ۔