عاطف اسلم کے کنسرٹ کے دوران سٹیج پر چڑھنے کی کوشش میں خاتون نیچے گر گئی پھر گلوکار نے کیا کیا؟
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )معروف گلوکار عاطف اسلم نے مداح کی خواہش پوری کرنے کے لیے کنسرٹ روک دیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر ویڈیو وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گلوکار عاطف اسلم نیدرلینڈز کے شہر روٹرڈیم میں اپنے مشہور گانے گنگنا رہے ہیں۔کنسرٹ کے دوران گلوکار کی ایک خاتون مداح ان کے ساتھ سیلفی لینے کے لیے اسٹیج کے پاس پہنچتی تو سیکیورٹی اہلکاروں سے اسے روکا اس دوران وہ نیچے گر گئی۔
عاطف اسلم نے پرفارم کرنے کے دوران یہ دیکھا تو کنسرٹ روک کر مداحوں کے ساتھ نرمی سے پیش آنے کا کہا اسی دوران سیکیورٹی اہلکار نے بتایا یہ مداح آپ کے ساتھ سیلفی لینے کے لیے آگے بڑھ رہی تھیں۔
گلوکار نے سیکیورٹی اہلکار کی بات سن کر مداح کو اسٹیج پر بلایا ان کی تصویر بنوانے کی خواہش پوری کردی۔عاطف اسلم کی وائرل ویڈیو کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے اور مداحوں کے ساتھ ان کے حسن سلوک کی تعریف کی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ عاطف اسلم مارچ 2013 میں سارہ بھروانہ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے ان کے تین بچے احد، آریان اور ایک بیٹی حلیمہ ہے۔