یقیناً دنیا میں آپ کی زندگی کا دورانیہ مختصر ہو سکتا ہے لیکن کم ا زکم زندگی کا یہ عرصہ تو آپ کیلیے خوشگوار اور پر لطف ہونا چاہیے

Oct 04, 2024 | 11:43 PM

مصنف:ڈاکٹر وائن ڈبلیو ڈائر 
ترجمہ:ریاض محمود انجم
 قسط:7
 پھر اگلا مرحلہ ہو سکتا ہے کہ آپ اپنے اس فیصلے پر بحث کرنے میں مصروف ہوں کہ آیا آپ کو اپنی ذات کی ذمہ داری اپنے ہاتھ میں لے لینی چاہیے یا نہیں‘ اپنی زندگی اپنی مرضی کے مطابق بسر کرنا چاہیے کہ نہیں اور اپنے آپ سے یہ اہم سوال پوچھیے: ”کتنی دیر بعد میری موت واقع ہوگی؟“ اس لافانی اور ابدی پس منظر میں اب آپ اپنی زندگی اور ذات کے متعلق اپنی پسند وناپسند اختیار کر سکتے ہیں‘ فکرمندی اورپریشانی اپنی زندگی میں سے جھٹک سکتے ہیں‘ دوسروں کے اس سوال اور اعتراض سے دامن چھڑا سکتے ہیں کہ آپ اس فکر‘ پریشانی اور احساس ندامت و پشیمانی کا متحمل ہو سکتے ہیں یا نہیں جو بصورت دیگر عمر بھر آپ کی زندگی میں فعال رہیں گے۔
    اگر آپ ابھی اور اسی وقت یہ اقدامات کا آغاز نہیں کرتے تو پھر آپ عمربھر دوسروں کی خواہشات اور احکامات کے مطابق زندگی بسر کرتے رہیں گے…… یقیناً اس دنیا میں آپ کی زندگی کا دورانیہ مختصر ہو سکتا ہے لیکن کم ا زکم آپ کی زندگی کا یہ عرصہ اور دورانیہ تو آپ کے لیے خوشگوار اور پرلطف ہونا چاہیے۔ مختصر طور پر یوں کہا جا سکتا ہے:
”یہ آپ کی زندگی ہے،اسے اپنی مرضی اور خواہش کے مطابق بسر کیجیے۔“
خوشی و مسرت اور آپ کی ذہانت کا معیار
اپنی زندگی اور اپنی ذات کی ذمہ داری اپنے ہاتھ میں لینے سے مراد یہ ہے کہ آپ اپنے معمولات زندگی میں داخل مروجہ چند روایات، عقائد، رویوں اور طرزہائے عمل سے نجات حاصل کر لیں۔ ان میں سرفہرست یہ نظریہ اور تصور رہے کہ مشکل اور پیچیدہ مسائل حل کرنے‘ پڑھنے‘ لکھنے اور ان مہارتوں کو ایک خاص سطح پر استعمال کرنے اور گنجلک معاملات کو پلک جھپکنے میں درست کرنے پر مبنی آپ کی صلاحیت کے ذریعے آپ کی ذہانت کے معیار کا تعین ہوتا ہے۔ ذہانت کے معیار پر مبنی یہ نظریہ اور اندازفکر‘ روایتی تعلیم اور کتابی علم ہی کو ذاتی کامیابی کا حقیقی ذریعہ سمجھتا ہے۔ اس نظریے اور اندازفکر کے ذریعے ایک قسم کے متکبر اور پرغرور علم و فضل کا اظہار ہوتا ہے جن کے انتہائی حوصلہ شکن نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ ہم سب لوگ یہی سمجھتے ہیں کہ جس کے پاس زیادہ سے زیادہ تعلیمی ڈگریاں ہوں‘ جو نہایت عالمانہ اور فاصلانہ مہارتیں رکھتا ہو (ریاضی، سائنس، اعلیٰ یادداشت اور حافظ، مطالعے میں تیزرفتاری) وہی شخص ”ذہین“ ہے لیکن پاگل خانے ان ذہنی مریضوں سے بھرے پڑے ہیں جو اعلیٰ تعلیمی قابلیتوں سے مالامال ہیں، تو پھر ثابت ہوا کہ ذہانت کا اصلی اور حقیقی معیار، دراصل ایک ایسی مؤثر اور بھرپور زندگی ہے جہاں ہر روز، ہر لمحے، پُرلطف اور خوشگوار انداز میں بسر کی جاتی ہے۔
اگر آپ اپنی زندگی میں خوشی و مسرت سے مالا مال ہیں، اگر آپ زندگی کے ہر لمحے کو بھرپور کامیابی اور لطف آمیز طور پر بسر کرتے ہیں تو پھر یہ زندگی قابل قدر حیثیت کی مالک ہے اور آپ ایک ذہین انسان ہیں …… آپ کی خوشگوار اور پرمسرت زندگی کے لیے مسائل حل کرنے کی آپ کی صلاحیت ایک ذیلی خوبی ہے لیکن اگر آپ کے خیال کے مطابق آپ میں مسائل حل کرنے کی صلاحیت موجود نہیں ہے تو پھر بھی آپ اپنے لیے ایک پرمسرت اور خوشگوار زندگی حاصل کر سکتے ہیں یا کم از کم آپ اپنی زندگی میں ناخوشگواریت کو اپنانے سے انکار کر سکتے ہیں، تو پھر بھی آپ ذہین شخص ہیں۔ آپ واقعی ذہین ہیں محض اس لیے آپ اعلیٰ ذہانت کے مالک ہیں کہ آپ کے پاس اعصابی اور ذہنی دباؤ اور تناؤ کے خلاف ایک نہایت ہی مؤثر اور مفید ہتھیار موجود ہے۔(جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب ”بک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوط ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مزیدخبریں