سیاسی جماعتیں تاجر برادری کو اپنی معاشی منصوبہ بندی سے آگاہ کریں
لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی ہے کہ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے پلیٹ فارم سے تاجر برادری کو اپنی معاشی منصوبہ بندی سے آگاہ کریں۔ پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان تحریک انصاف، متحدہ قومی موومنٹ، جماعت اسلامی، پاکستان مسلم لیگ ق اور عوامی نیشنل پارٹی کو لکھے گئے خط میں لاہور چیمبر کے صدر عرفان قیصر شیخ، سینئر نائب صدر کاشف یونس مہر اور نائب صدر سعیدہ نذر نے کہا کہ ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے اور اسے صنعتوں کی بندش، بے روزگاری، سرمایہ کاری میں کمی ، جرائم اور افراط زر میں اضافے جیسے بڑے مسائل کا سامنا ہے جن کی موجودگی میں ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بہترین پالیسی اور مستحکم اداروں کی ضرورت ہے جس کے لیے سیاسی جماعتوں کو بنیادی کردار ادا کرتے ہوئے بہترین معاشی ایجنڈا وضع کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی بڑی اقوام کا مقابلہ کرنے کے لیے ملک کو خود مختار اور بصیرت رکھنے والی لیڈرشپ ایسی لیڈر شپ کی ضرورت ہے جو ملک کا مستقبل سنوارنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہو۔ انہوں نے کہا اس وقت معاشی معاملات پر جامع بحث کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو معاشی مسائل کی دلدل سے باہر نکالاجاسکے۔ انہوں نے کہا کہ باقاعدہ منصوبہ بندی کا فقدان اور ملک کے وسائل سے فائدہ اٹھانے میں عدم دلچسپی نے ہمیں آج اس مقام پر پہنچا دیا ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو بلاتاخیر لاہور چیمبر کا دورہ کرکے اپنا اپنا معاشی ایجنڈا پیش کرنا چاہیے۔