لندن پیرااولمپکس ، برازیل کے ایلن اولیویرا نے طلائی تمغہ جیت لیا
لندن (اے اےن اےن ) لندن میں جاری پیرالمپکس کھیلوں میں برازیل کے ایلن اولیویرا نے جنوبی افریقہ کے فیورٹ آسکر پسٹوریئس کو دو سو میٹر ریس میں شکست دے کر طلائی تمغہ جیت لیا ہے۔اس ریس میں شکست کے بعد آسکر نے الزام لگایا کہ ایلن نے وہ بلیڈ لگائے ہوئے تھے جن کی لمبائی کو تبدیل کیا جا سکتا ہے۔تاہم انٹرنیشنل پیرالمپکس کمیٹی نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ایتھلیٹس کے بلیڈ ناپے گئے تھے اور ایلن کے بلیڈ صحیح لمبائی کے تھے۔اسی قسم کا الزام آسکر نے ایلن کے خلاف سنیچر کے روز بھی لگایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلیڈ کی لمبائی کو عمومی طور پر کال روم میں نہیں ناپا جاتا۔اس کے جواب میں ایلن نے کہا میرے بلیڈز کی لمبائی بالکل صحیح تھی۔ ریفریز نے مجھے سارے عمل کیا۔ میں جب ٹریک پر پہنچا تو اس کا مطلب ہے کہ میں نے تمام ٹیسٹ پاس کیے ہیں اور تبھی میں ٹریک پر پہنچا ہوں۔ اور یہ بات آسکر بھی جانتے ہیں۔ایلن سے جب پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے بلیڈ کی لمبائی سیمی فائنل اور فائنل کے درمیان تبدیل کی تھی تو ان کا کہنا تھا نہیں۔ جب سے یہ بلیڈ پہنے ہیں تب سے یہ بلیڈ انٹرنیشنل پیرالمپکس کمیٹی کے قواعد و ضوابط کے مطابق ہیں۔ میں یہ بلیڈ ایک ماہ سے زیادہ سے استعمال کر رہا ہوں۔