سیکیورٹی صورتحال بہتر ہے:آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان کا وعدہ نہیں کر سکتا:پیٹر ہیورڈ

سیکیورٹی صورتحال بہتر ہے:آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان کا وعدہ نہیں کر ...

  



لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنرپیٹر ہیورڈ نے کہا ہے کہ ان کی ذاتی خواہش ہے کہ آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم پاکستان آئے اور کرکٹ کا شوق رکھنے والے پاکستانی عوام کے سامنے میچز کھیلے لیکن آسٹریلیا کی ٹیم کے پاکستان آنے کا فیصلہ آسٹریلین حکومت ،آسٹریلین کرکٹ بورڈ اور آسٹریلین کھلاڑی کریں گے۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں پی سی بی کے چیئرمین چوہدری ذکاءاشرف اور ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کے بعض حصوں میں سیکورٹی کا مسئلہ درپیش ہے لیکن پاکستان میں مجموعی طور پر سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پی سی بی کے چیئرمین کی پاکستان میں کرکٹ کے فروغ اور ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے کی جانے والی کوششیں قابل تعریف ہیں۔چیئرمین پی سی بی ملک میں انٹرنیشنل میچز کے انعقاد کے لئے مخلصانہ کوششیں کررہے ہیں ۔پیٹر ہیورڈ نے کہاکہ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین یو اے ای میں ہونے والی کرکٹ سیریز میں دونوں ٹیمیں پورے جذبے سے حصہ لے رہی ہے اور بطور آسٹریلین میری خواہش ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم ہی ون ڈے سیریز میں کامیاب ہو اور اگر ہارے تو پھر ٹی ٹونٹی سیریز میں حساب برابر کردے ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ پاکستان میں ہونے والی پریمیئر لیگ میں بھی میری خواہش ہے کہ آسٹریلوی کھلاڑی شریک ہوں لیکن فیصلہ کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں نے کرنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ میں آسٹریلیا کی ٹیم کے دورہ پاکستان کے بارے میں کوئی وعدہ یا یقین دہانی نہیں کرواسکتا ۔انہوں نے کہاکہ وہ اپنی حکومت کو رپورٹ بھجواتے رہتے ہیں ۔قبل ازیں آسٹریلیا کے ہائی کمشنرپیٹر ہےورڈ کا پی سی بی ہیڈ کوارٹر قذافی سٹیڈیم لاہور پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا ۔انہوں نے قذافی سٹیڈیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور کا دورہ کیا ۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پی سی بی کے ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد نے انہیں ملک میں کرکٹ کی ترقی کے لئے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا ۔ہائی کمشنر پی سی بی حکام کی کاوشوں سے کافی متاثر دکھائی دیئے ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...