نام نہاد یونین کے خودساختہ عہدیدار کی ڈی ای او کو دھمکیاں قابل مذمت ہیں‘ ٹیچرز یونین

نام نہاد یونین کے خودساختہ عہدیدار کی ڈی ای او کو دھمکیاں قابل مذمت ہیں‘ ...

  



لاہور (خبرنگار ) پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر سید سجاد اکبر کاظمی، رانا لیاقت علی،ملک سعید، سعید نامدار، اسلم گھمن ، اسحاق رحمانی، کلرک ایسوسی ایشن کے صدر میاں فاضل نے ایجوکیشن کمپلیکس 9ہا ل روڈ پر ایک احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایک خود ساختہ اور نام نہاد یونین کے خود ساختہ عہدیدار اللہ رکھا گجر نے ڈی ای او شاہدہ سہیل کے ساتھ جو گستاخانہ رویہ اپنایا اور دھمکیاں دیں اُس نے اساتذہ برادری کے سر شرم سے جھکا دیئے ہیں ۔ عہدیدارن نے کہا کہ اللہ رکھا گجر اور اسی قماش کی کچھ کالی بھیڑیں جعلی یونین کی آڑ میں اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے محکمہ تعلیم میں انارکی پیدا کرنے کی کو شش کر رہی ہیں ۔ اپنے ناجائز کاموں کے لئے افسران کو بلیک میل کرنا ان لوگوں کا وطیرہ ہے۔یہ لوگ کسی بھی طرح اساتذہ برادری کی نمائندگی نہیں کرتے۔اس لئے ان مفاد پرست عناصر کا محاسبہ ضروری ہو گیا ہے۔اللہ رکھا گجر جس کے خلاف جعلی ڈگری کی انکوائریز محکمانہ طور پر پہلے ہی چل رہی ہیں اگر اس نے اپنی مذموم حرکت پر معافی نہ مانگی تو احتجاج کا سلسلہ وسیع کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اُ ن فسران کے لئے بھی یہ لمحہ فکریہ ہے جو اس واقعہ کے بعد چُپ سادھے بیٹھے ہیں ۔اگر اس واقعہ کا نوٹس نہ لیا گیاتویہ سلسلہ چل نکلے گا اور پھر کسی بھی ایماندار افسر کی عزت محفوظ نہ ہوگی ۔اس موقع پر پنجاب ٹیچرز یونین کے ضلعی عہدیداران محمد ظفر سندھو، ملک مستنصر اعوان ، میاں ارشد، چوہدری محمد علی، زاہد بٹ، جاوید چوہدری ، مرزا خالد، عبدالغفار اعوان ، چوہدری شفاقت، اللہ یار خان و دیگر بھی موجود تھے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...