عام انتخابات سے قبل بلدیاتی الیکشن کا بیان سیاسی شعبدہ بازی ہے:تحریک انصاف
لاہور (اسد اقبال) تحریک انصاف کے رہنماﺅں نے صدر آصف علی زرداری کے بیان پر کہ ملک میں عام انتخابات سے قبل بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں گے کو سیاسی شعبدہ بازی قراردیا ہے اور کہا ہے کہ روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا کر اقتدار میں آنے والی حکومت نے اپنے دور حکومت میں 90 فیصد سے زائد بیانات اور اقدامات پر جھوٹ کا پلندہ اوڑھا ہے جنہوں نے عوام کو بے وقوف اور جمہوری دور کے ساتھ مذاق کیا ہے۔ تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ عوام کی طاقت سے اقتدار میں آنے والی حکومت نے گزشتہ چار سال سے عوام کو بے وقوف بنایا ہے۔ 90 فیصد سے زائد اقدامات اور بیانات کے بلند وبالا دعوے جھوٹ کے مترادف ثابت ہوئے ہیں۔ اقتدار کے نشہ میں بدست حکومت عوام بنیادی مسائل پر بیانات تو جاری کرتی ہے نہ کہ ان کو کبھی عمل جامہ پہنایا گیا ہے۔ تحریک انصاف خواتین ونگ کی رہنما سعدیہ سہیل نے کہا کہ صدر زرداری کا بیان عوام کو ایک نئے دھوکہ سے روشناس کروانا ہے جو کبھی ملک میں نئے صوبے بنانے کا واویلہ کرتے ہیں تو کبھی عوام کے بنیادی حقوق کے خاتمہ کی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے دور اقتدار سے قبل بلدیاتی انتخابات نہ کروائے گی۔ تحریک انصاف کے رہنما میاں علی رشید نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ تحریک انصاف کی مقبولیت کے باعث بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے جو بلدیاتی انتخابات کروا کر عام انتخابات میں حکومتی مشینری کو استعمال کرنا چاہ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مفادات کی سیاست کی ہے۔ تحریک انصاف کے صوبائی رہنما طارق سعادت نے کہا کہ صدر زرداری نے اتحادی جماعتوں کے پریشر کے بعد بلدیاتی انتخابات کروانے کی حامی کا صرف شوشہ چھوڑا ہے، عوام کے حقوق سلب کرنے والی حکومت کبھی بلدیاتی انتخابات نہ کروائے گی کیونکہ بلدیاتی انتخابات کو سٹرکچر اور وقت درکار ہوتا ہے جبکہ پیپلز پارٹی اپنا ؟؟ پورا کرنے کے آخری مراحل میں ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما اعجاز احمد چودھری نے کہا کہ قوم کا لیڈر جھوٹ کا پلندہ ہے جو گزشتہ چار سال سے قوم کو بے وقوف بنا رہا ہے انہوں نے کہا کا بلدیاتی انتخابات کی بجائے حکومت فی الفور عام انتخابات کروائے۔