زرداری کی صدارت میں عظمیٰ قبول کرنا عوام کیساتھ بیوفائی کے مترادف ہے:شہباز شریف

زرداری کی صدارت میں عظمیٰ قبول کرنا عوام کیساتھ بیوفائی کے مترادف ہے:شہباز ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ میرے نزدیک آصف علی زرداری کی صدارت میں وزارت عظمیٰ کی پیش کش کو قبول کرنا پاکستان کے عوام کے ساتھ بے وفائی کے مترادف ہے۔ وہ آج لندن پہنچنے پر ہیتھرو ایئرپورٹ پر میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران ملک ریاض کے اس بیان کے بارے میں سوال کا جواب دے رہے تھے جس کے مطابق شہبازشریف کو پیپلزپارٹی کی حکومت کی طرف سے وزارت عظمیٰ کی پیش کش کی گئی تھی۔ محمد شہبازشریف نے کہا کہ یہ خبردرست ہے کہ 2010ء میں مجھے یہ پیغام دیا گیا تھا کہ میں پاکستان کا وزیراعظم بن جاﺅں لیکن میں نے ایک لمحہ ضائع کئے بغیر اس پیش کش کو مسترد کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک غیرمشروط پیشکش تھی لیکن میں پاکستان کا خزانہ لوٹنے والے‘ ملک میں بدترین کرپشن کو رواج دینے اور پاکستان کے عوام کو مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کے اندھیروں میں دھکیلنے والے زرداری اور اس کے ٹولے سے ہاتھ ملانے کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ میری طرف سے اس پیش کش کو مسترد کرنے کے بعد ہی پیپلزپارٹی اور صدر زرداری نے مجھ پر دباﺅ ڈالنے کے لئے مختلف حربوں کا آغاز کیا تھا جن میں میرے اور میرے اہل خانہ کے خلاف جھوٹے مقدمات اور میرے سیاسی و سرکاری رفقائے کار کے خلاف کی جانے والی انتقامی کارروائیاں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت عظمیٰ کے عہدے کی ترغیب کی طرح اس طرح کے منفی ہتھکنڈے بھی ان کے اس راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتے جو انہوں نے پاکستان کی خدمت اور عوام کو تاریخ کی اس کرپٹ ترین حکومت سے نجات دلانے کے لئے چنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاست چھوڑ سکتے ہیں مگر عوام کو دھوکہ دینے والی اس کرپٹ حکومت کے ساتھ مفاہمت کے لئے تیار نہیں۔

مزید :

صفحہ اول -