نگران وزیراعظم کے تقرر کا اختیار چودھری نثار نہیں صدر زرداری کے پاس ہے

نگران وزیراعظم کے تقرر کا اختیار چودھری نثار نہیں صدر زرداری کے پاس ہے

  



لاہور(نمائندہ خصوصی )پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر امتیاز صفدر وڑائچ نے کہاہے کہ نگران وزیر اعظم مقرر کرنے کا اختیار چودھری نثار کے پاس نہیں بلکہ یہ اختیار صدر آصف زرداری کے پاس ہے ، ن لیگ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کے خلاف ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمیاں مصباح الرحمان سے ان کی ہمشیرہ کی وفات پران کی رہائش گاہ پر اظہار افسوس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حاجی عزیز الرحمٰن چن ،چودھری منظور ،پیرناظم حسین شاہ ، جنرل سیکرٹری لاہورذکریا بٹ اور سیکرٹری اطلاعات لاہور عابد حسین صدیقی بھی موجود تھے۔امتیاز صفدر وڑائچ نے مزید کہا کہ ن لیگ اپنی ہی پاس کردہ قرار داد کی اب نفی کر رہی ہے ن لیگ جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کے حقوق سے محروم رکھنا چاہتی ہے حالانکہ ان کی اپنی ہی پاس کردہ قرار داد میں تحریر ہے کہ وفاقی حکومت کمیشن بنائے اور اب جب کمیشن بن گیا ہے تو اس کی مخالفت کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نگران وزیراعظم مقرر کرنے کے حوالے سے ن لیگ کو اپنے اختیارات کا علم ہی نہیں کہ یہ اخیتار چودھری نثار کے پاس نہیں بلکہ صدر کے پاس ہے اور صوبوں کے نگران وزراءاعلیٰ کا تقرر متعلقہ گورنر ، لیڈر اف اپوزیشن کی مشاورت سے کریں گے مگر ن لیگ والے عوام کو چکر دے رہے ہیں۔

مزید : صفحہ آخر


loading...