سعیدہ وارثی برطانوی حکمران جماعت کے چیئرپرسن کے عہدے سے سبکدوش
لندن (مرزا نعیم الرحمان) برطانیہ میں پاکستانی نژاد برطانوی شہری سعیدہ وارثی کو حکمران کنزرویٹو پارٹی کی شریک چیئر پرسن کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے ۔ڈیوڈ کیمرون کی اتحادی حکومت میں پہلی بار بڑا ردوبدل کیا گیا ہے۔ سعیدہ وارثی نے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سے خود کو عہدے پر برقرار رکھنے کی اپیل کی تھی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعیدہ وارثی کو ایران اور چین سے متعلق وزارت کی پیشکش کی گئی تھی لیکن ایران پر بڑھتے ہوئے مغربی دباو¿ میں اپنی کمیونٹی کی مخالفت مول لینے سے انکار کرتے ہوئے انہوں نے اسے مسترد کر دیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق سعیدہ وارثی کی نائب مشیل فیلن، ہاوسنگ وزیر گرینٹ شیپس اور وزیر روزگار چیرس گریلنگ اب اس عہدے کیلئے مضبوط امیدوار ہیں ۔ سعیدہ وارثی نے سوشل ویب سائٹ پر عہدہ چھوڑنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کی شریک چیئر پرسن کی حیثیت سے خدمات انجام دینا ان کیلئے اعزاز تھا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق وزیر انصاف کین کلارک بھی اپنی وزارت چھوڑنے پر رضامند ہو گئے ہیں تاہم وہ حکومت میں رہیں گے۔