خصوصی بچوں کو اللہ تعالیٰ نے خاص صلاحیتوں سے نوازا ہے،آصف سعید منیس

خصوصی بچوں کو اللہ تعالیٰ نے خاص صلاحیتوں سے نوازا ہے،آصف سعید منیس

  

لاہور ( خبرنگار) وزیر برائے خصوصی تعلیم پنجاب آصف سعید منیس نے کہا ہے کہ قائد اعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں قیام پاکستان کے لیے جدوجہد کی اور ایک آزادی وطن حاصل کر لیا۔یہ بات انہوں نے ٹاﺅن ہال میں سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور سپورٹس سیل محکمہ خصوصی تعلیم کے زیر اہتمام جشن آزادی میلہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان، ڈی او سی شہزادی وسیمہ عمر، ڈائریکٹر خصوصی تعلیم محمد فاضل چیمہ کے علاوہ ڈی ای او خصوصی تعلیم شہزادبھٹہ کے علاوہ دیگر افسران نے بھی شرکت کی ۔انہوں نے کہا کہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے۔ اﷲ تعالیٰ نے 1947ءمیں ہمیں اس نعمت سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کو بعض صلاحیتوں سے محروم رکھا لیکن انہیں ایسی اہلیت، ہنرمندی اور صلاحیتوں سے نوازا ہے جو ایک نارمل انسان میں نہیں پائی جاتی۔ ان کی کارکردگی دیکھنے کے بعد ان کے حوصلہ اور عزم کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایک پروگرام شروع کرنے جارہی ہے جس میں خصوصی بچے نارمل بچوں کے سکولوں میں داخل ہوسکیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ حکومت نے لاہور میں خصوصی بچوں کے لیے دو پارک بنائے ہیں جہاں پر یہ خصوصی بچے اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے پارک دوسرے اضلاع میں بھی بنائے جارہے ہیں۔ اس موقع پر خصوصی بچوں نے رنگا رنگ پروگرام پیش کئے جن میں خاکے، ٹیبلو، ملی نغمے ، علاقائی وثقافتی شو شامل ہیں۔ قبل ازیں ڈی ای او خصوصی تعلیم شہزاد بھٹہ نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا کیا۔

آخرمیں محکمہ خصوصی تعلیم کے سٹاف اور خصوصی بچوں نے ملک کی استحکامت کے لیے اجتماعی دعا کی ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -