دھرنے والوں نے اداروں پرحملہ کرکے اپناایجنڈا واضح کر دیا،حنا پرویز
لاہور( جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی رکن صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ روڈ شو اور میوزیکل کنسرٹ کے ذریعے نام نہاد تبدیلی کے دعویداروں نے ریاستی اداروں پر حملہ کرکے اپنا ایجنڈا واضح کردیا ہے اس سے زیادہ ملک اور قوم کی بدقسمتی اور کیا ہوسکتی ہے کہ جب بھی ملک ترقی وخوشحالی کی طرف گامزن ہوتا ہے تو ملک دشمن قوتیں اپنا مکروہ ایجنڈا لے کر میدان میں آجاتی ہیں لیکن اس بار ایسا نہیں ہوگاانہوں نے کہا کہ پوری قوم جمہوری نظام پارلیمنٹ اور وزیراعظم کے ساتھ کھڑی ہوچکی ہے اور غیر قانونی اور غیر جمہوری دھرنوں کی بساط لپیٹی جاچکی پوری قوم اس غیر آئینی اقدام کی مذمت کررہی ہے ‘شارٹ کٹ ڈھونڈ کر اقتدار کی کرسی تک نہیں پہنچا جاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان اتنے ہی لیڈر ہیں تو پہلے اپنے صوبے کو تو ٹھیک کرلیں ان کے کہنے پر ان کے ایم این ایز استعفے نہیں دے رہے اور وہ وزیراعظم سے استعفی کا مطالبہ کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے میڈیا نمائندوں پر تشدد کرنیو الوں کو بھی کٹہرے میں لائیں گے ملک کی عوام نے مسلم لیگ(ن)کو 5 سالہ اقتدار کا مینڈیٹ دیا کوئی مائی کا لال اس مینڈیٹ پر شب خون نہیں مار سکتا۔