وفاق میں آزادی و انقلاب دھرنوں سے ملکی معیشت کو شدید نقصان

وفاق میں آزادی و انقلاب دھرنوں سے ملکی معیشت کو شدید نقصان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                  پشاور( پاکستان نیوز) وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کی مختلف شہروں میں دھرنوں، مظاہروں اور سیاسی بے چینی کی وجہ سے ملکی معیشت کو شدید نقصان کا سامنا ہے، کراچی بندرگاہ پر کارگو سے بھرے سینکڑوں کنٹینرز کی ترسیل رکنے سے اندرون ملک تجارتی سامان کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ پاکستان کے راستے افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کو برآمدات بھی معطل ہیں جس سے ملکی خزانے کو اربوں روپے کے نقصان کا سامناہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان افغانستان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(پی اے جے سی سی آئی) کے ڈائریکٹر اور خیبرپختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پشاور(کے پی سی سی آئی) کے سابق سینئر نائب صدر ضیاءالحق سرحدی نے کیا ،انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا ان سیاسی مظاہروں اور دھرنوں میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن علاقہ ہونے کی وجہ سے خیبرپختونخوا میں تجارت کو پہلے ہی ناقابل تلافی نقصان پہنچ چکا ہے، بیشتر سرمایہ کاروں نے اپنا کاروبار دبئی، ملائیشیا اور بنگلا دیش کے علاوہ لاہور، فیصل آباد اور اسلا م آباد منتقل کر دیا ہے، جبکہ اب سیاسی دھرنوں اور مظاہروں کی وجہ سے خیبر پختونخوا کے جانے والے سامان تجارت کی ترسیل مکمل طور پر معطل ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے سینکڑوں کنٹینرز کراچی پورٹ پر رکے ہوئے ہیں لیکن کوئی ٹرانسپورٹر اوربانڈڈ کیرئیران کی ترسیل کےلئے تیار نہیں، مظاہروں کی وجہ سے کوئی بھی ٹرانسپورٹر ان کنٹینرز کی ترسیل کا خطرہ مول لینے کےلئے تیار نہیںہے۔ اس کے علاوہ انتظامیہ نے سڑکوں کو بند کرنے کےلئے سینکڑوں کنٹینرز کئی دنوں سے قبضے میں لئے ہوئے ہیں جو گزشتہ 20دنوں سے ان کے قبضے میں ہیں۔ ان میں کروڑوں روپے کا سامان تجارت موجود ہے جس کے خراب ہونے کا اور تاجروں کو کروڑوں روپے کے نقصان کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے فرنیچر، ہینڈی کرافٹ، شہد، قالین، ماربل، جیمز اینڈ جیولری، ماچس اور جڑی بوٹیاں بڑی مقدار میں برآمد کی جاتی ہیں جبکہ اس حالات میں ان تمام اشیاءکی ترسیل رک گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پشاوراسلام آباد،پشاور لاہور جی ٹی روڈاور موٹروے بند تھے جس کی وجہ سے مزید مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ ملکی معیشت کو متاثرکرنے والے اقدامات سے گریز کیا جائے۔
 انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سامان تجارت کی بحفاظت ترسیل کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔

مزید :

علاقائی -