شاہ محمود قریشی کی تقریر پرایوان کا ماحول گرما گرم ، شیریں مزاری گہری نیند کے مزے لیتی رہیں
اسلام آباد(اے این این) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں جہاں تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کی تقریر نے ایوان کا ماحول گرما گرم کردیاوہیں پی ٹی آئی کی ترجمان شیریں مزاری گہری نیند کے مزے لیتی رہیں۔ شاہ محمود قریشی کے خطاب کے دوران کئی بار حکومتی ارکان نے جملے بازیاں کیں جس کے باعث شاہ محمود قریشی کو اپنی تقریر روکنی پڑی اور اسپیکر کو بار بار حکومتی ارکان کو خاموش رہنے کی ہدایت کی لیکن اس گرما گرم بحث کے دوران شیری مزاری سوتی رہیں۔
ایوان کے گرم ماحول میں ایئر کنڈیشنڈ کی ٹھنڈ نے پی ٹی آئی کی ترجمان کو خوابوں کی دنیا میں پہنچا دیا اور انہیں کان پڑتی آواز سنائی نہ دی۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ اسمبلی اجلاس میں ارکان سوتے رہیں اس سے پہلے بھی متعدد ارکان اجلاس کے دوران میٹھی نیند کے مزے لوٹتے رہے ہیں۔