قصور اورگردو نواح میں ڈکیتی اورراہزنی کی وارداتیں مسلسل جاری
قصور(بیورورپورٹ)قصور اورگردو نواح میں ڈکیتی اورراہزنی کی وارداتوں میں ڈاکو لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات ،نقدی رقم، بکرے اور موبائل فونز چھین کر لے گئے۔ جبکہ ایک واردات میں مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے ایک شخص محمداشرف کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سردار کالونی میں محمداقبال کے گھر داخل ہونے والے ڈاکو چار تولے طلائی زیورات ،ایک لاکھ سے زائد کی نقدی رقم چھین کر لے جانے والے نامعلوم ڈاکوؤں کے خلاف تھانہ صدر قصور پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے ۔جبکہ تھانہ صدر کے علاقہ اٹھیل پور کے قریب موٹر سائیکل سوار محمدصدیق اور اس کی بیوی اور بھائی گاؤں کوٹ رہنا جا رہے تھے کہ راستہ میں ناکہ زن ڈاکوؤں نے انہیں اسلحے کی نوک پر روک کر ڈیڑھ تولہ طلائی زیورات اور موبائل فون سے محروم کر دیا ۔جبکہ ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر محمدصدیق کے بھائی محمد اشرف کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا۔اورفرار ہوگئے۔ سرائے مغل کے علاقہ سندر آباد میں کاشتکار محمداسلم کے گھر داخل ہونے والے ڈاکوؤں نے اہلخانہ کو یرغمال بنا کر چھ تولے طلائی زیورات نقدی رقم، اورپانچ بکرے ،موبائل فونز اوردیگر گھرکا قیمتی سامان لوٹ کر لے گئے۔