شہباز شریف کے بلند بانگ دعووں سے لوگوں کی مایوسی ہوئی،وٹو

شہباز شریف کے بلند بانگ دعووں سے لوگوں کی مایوسی ہوئی،وٹو

  


لاہور(نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر منظور احمد وٹو نے سینیٹر اعتزاز احسن کی پارلیمنٹ میں کی جانے والی تقریر کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان پیپلز پارٹی کی پالیسیوں کی بہترین عکاسی کرتی ہے جسمیں پارٹی کے حزب اختلاف کا کردار بھر پور طریقے سے عیاں ہوتا ہے اور ساتھ ہی پارٹی کا جمہوریت اور آئین کی بالادستی پر ایمان کی حد تک یقین کا اظہار ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے جاری مشترکہ اجلاس میں آئین اور جمہوریت کے دفاع کا عزم بڑا خوش آئند ہے لیکن اسکا ہر گز مطلب یہ نہیں ہے کہ موجودہ حکومت عوام کے مسائل کو حل کرنے پر فورًا توجہ نہ دے۔انہوں نے کہا کہ اسکے باوجود کہ پنجاب حکومت کی ماڈل ٹاؤن واقعہ کی فعاش غلطی کی وجہ سے 14سے زیادہ لوگ جاں بحق ہوئے لیکن پاکستان تحریک اانصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کو آئین اور جمہوریت دشمن سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنیوالی پارٹیوں کے وزیراعظم کے استعفیٰ کے مطالبے کی صحت میں جائے بغیر پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کو ریاست کی عمارتوں کی بے حرمتی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں آئین کے دائرہ کار سے باہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنیوالوں نے سپریم کورٹ کی ہدایات کے باوجود شاہراہ دستور کو خالی کرنے سے انکار کیا آخر وہ ایسا کرکے کس کو خوش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے بلند بانگ دعووں سے لوگوں کی مایوسی میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے جسمیں انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ سالوں میں نہیں بلکہ مہینوں میں لوڈشیڈنگ ختم کر دینگے لیکن ایسا نہیں ہوا جس سے لوگوں میں بددلی پھیل گئی۔ انہوں نے یاددلایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب لوگوں کو پیپلز پارٹی کی پچھلی حکومت کے خلاف لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر اُکساتے بھی تھے لیکن اب وہی احتجاج انکے خلاف ہو رہا ہے جو مقافاتِ عمل ہے۔

وٹو

مزید :

صفحہ آخر -