بارش اور تیز ہواؤں کے باعث ہونیولے حادثات میں ملوث 2 افراد جاں بحق متعدد زخمی

بارش اور تیز ہواؤں کے باعث ہونیولے حادثات میں ملوث 2 افراد جاں بحق متعدد زخمی

  

لاہور ( کرائم سیل) صوبائی دارالحکومت میں بارش اور تیز ہواؤں کے باعث مختلف جگہوں پرچھتیں ،درخت اور سائن بورڈ گرنے اور کرنٹ لگنے سے خاتون سمیت دو افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے تمام زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں پہنچا دیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق لوئر مال کے علاقے میں نوجوان عامر اپنی بہن صائمہ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ اچانک موٹر سائیکل سلپ ہو کر فٹ پاتھ سے جاٹکرائی جس سے خاتون صائمہ موقع پر ہی دم توڑ گئی پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی متوفیہ دو بچوں کی ماں تھی ، نواں کوٹ کے علاقہ میں نوجوان اشتیاق گھر میں واٹر پمپ ٹھیک کر رہا تھا کہ اچانک ننگی تاروں سے اسکو کرنٹ کا زور دار جھٹکا لگا اور بری طرح جھلس گیا شور پر لواحقین اکھٹے ہوگئے اور اسے سروسز ہسپتال پہنچایا جہاں وہ چند گھنٹوں کے بعد دم توڑ گیا پولیس نے اتفاقیہ حادثہ قرار دیکر لاش ورثاء کے حوالے کردی ،ریس کورس کے علاقہ میں تیز رفتار کار بے قابو ہوکر درخت سے جاٹکرائی جس سے گاڑی تباہ جبکہ گاڑی میں سوار تین افراد زخمی ہوگئے ،لارنس گارڈن کے قریب درخت سائیکل سوار پرجا گرا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا،جوہر ٹاؤن اور لنک روڈ پر سائن بورڈ گرنے سے تین افراد زخمی ہوگئے مال روڈ ،جیل روڈ و دیگر جگہوں پر موٹر سائیکل سلپ ہونے کے باعث متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔ چیئرنگ کراس کے قریب مال روڈ پر تیز ہواؤں کی وجہ سے سڑک کنارے لگا درخت کار پر گز گیا جس کی وجہ سے کار موجود دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ چوہنگ کے علاقہ میں بارش کے باعث بشیر کے گھر کی بوسیدہ چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر بشیر اسکی بیوی زخمی ہوگئی امدادی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ملبے تلے نکال کر ہسپتال پہنچا دیا جبکہ مانگا منڈی کے علاقہ میں محنت کش کے گھر کی چھت زور دار دھماکے سے گرگئی جس کے ملبے تلے دب کر شوکت اسکا بھائی اور بہن زخمی ہوگئے تمام زخمیوں کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے جہاں انکی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے ۔

مزید :

صفحہ آخر -