کوالا لمپور،شہر کی توہین پر نوجوان لڑکی جیل کا سامنا
کوالا لمپور (نیوز ڈیسک) انڈونیشیا میں ایک نوجوان طالبہ نے پٹرول پمپ پر بدسلوکی سے مشتعل ہوکر سارے شہر کو ہی بدتہذیب اور گنوار قرار دے دیا جس پر اسے گرفتار کرلیاگیا اور اب اسے مقدمے کا سامنا ہے جس میں چھ سال قید بھی ہوسکتی ہے۔ قانون کی طالبہ 26 سالہ سہوم بنگز یوگیاکارٹا شہر کے ایک پٹرول پمپ پر سستا پٹرول لینے والوں کی قطار میں لگی تھی لیکن قطار بہت لمبی ہونے کی وجہ سے مہنگے پٹرول والی چھوٹی قطار میں چلی گئی۔ پٹرول پمپ ملازمین نے قطار تبدیل کرنے پر اسے پٹرول فراہم کرنے سے انکار کردیا جس پر سہوم شدید دلبرداشتہ ہوئی۔ اس نے ایک سوشل میڈیا ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ یوگیا کارٹا شہر کے لوگ غریب، بدتمیز اور جاہل ہیں اور اپنے دوستوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس شہر کو چھوڑ دیں۔ سہوم کے پیغام کے بعد سارے شہر نے اس کی مذمت کی اور اس کے پیغام پر تنقیدی تبصرے کئے جس پر پولیس نے اسے گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسے چھ سال قید ہوسکتی ہے جبکہ ملزم کی وکیل کا کہنا ہے کہ اس کی گرفتاری کے خلاف قانون ہے۔