قوم کا مستقبل اور کراچی الیکٹرک

قوم کا مستقبل اور کراچی الیکٹرک
قوم کا مستقبل اور کراچی الیکٹرک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کے الیکٹرک کے نام سے یوں تو پورا پاکستان واقف ہے مگر کراچی شہر کے عوام جس طرح کے الیکٹرک کی سہولیات سے مستفید ہوتے ہیں پورے ملک میں اسکی مثال ملنا مشکل ہے۔لوڈ شیڈنگ کے مسائل ہوں یا اوور بلنگ یا آئے روز کے حادثات ۔ کے الیکٹرک نے کراچی کے عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے ۔ ساہوکاروں کے سودخوروں کے قرض بھی ختم ہوجاتے ہونگے مگر کے الیکٹرک کی اور بلنگ ختم ہونے کا نام نہیں لیتی بل میں بجلی کا حقیقی خرچ کم اور ٹیکسز کی بھرمار زیادہ ہے۔بل زیادہ آجائے شکایت کی جائے تو بل کم نہیں کرتے، قسط بنا کر احسان کر دیتے ہیں ۔ اس سلوک کی تو عوام عادی ہوگئی ہے کیونکہ دور دور تک پرسانِ حال کوئی نہیں ہے ۔ پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی مومنٹ بھی ان معاملات پر رسمی سے بیانات دے کر خاموش ہوجاتے ہیں سوائے جماعت اسلامی کے کسی اور جماعت کی واضح مزاحمت اس حوالے سے نظر نہیں آتی ہے۔

تازہ ترین واقعہ میں ایک معصوم بچہ کرنٹ لگنے سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جبکہ ایک اور واقعہ میں ایک متاثرہ بچے کے دونوں ہاتھ کاٹ دئیے گئے ہیں ۔مقروض قوم کے معماروں کو معذور کرنے کا عمل بھی جاری ہے ۔ آج پورے کراچی شہر کا سروے کر لیں ہر گھر امیر غریب کی تفریق کے بغیر کے الیکٹرک کے ہاتھوں پریشان نظر آئے گا لوگوں کی زندگیاں اجیرن ہوگئی ہیں کئی لوگ خودکشیاں کر چکے ہیں کہ پیٹ کی بھوک بجھائیں یا کے الیکٹرک کے لالچ کی آگ۔

بہت سارے علاقوں میں نئے ڈیجیٹل میٹر لگائے گئے ہیں جن کی اسپیڈ پرانے میٹرز کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے ایک متوسط گھرانے کا بل بھی ہزاروں میں آرہا ہے ۔ فرنس آئل خرید کر پلانٹ چلانے کے بجائے واپڈا سے حاصل کر دہ بجلی پر انحصار کیا جاتا ہے جبکہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی مستقل جاری ہے۔بات بات پر سوموٹو لینے والی عدلیہ کے الیکٹرک کے ظلم پر کیوں خاموش ہے ،تبدیلی سرکار کے الیکٹرک کے نظام کو کب تبدیل کرے گی ۔ ۔ کس سیاستدان کے رشتے دار کے الیکٹرک میں کون سی اہم پوسٹ پر تعینات ہیں، اس راز سے پردے کون اٹھائے گا۔ کراچی کہہ رہے ہیں کہ  وزیراعظم پاکستان  عمران خان   ایک غیر جانبدارانہ کمیشن قائم کیا جائے جو مکمّل اختیارات کے ساتھ کام کرے اور اسے پروفیشنل لوگوں کی خدمات حاصل ہوں ،جو اس بات کا تعین کرے کے کے الیکٹرک نے توانائی کے منصوبوں میں کیا انویسمنٹ کی ہے اور عوام میں کے الیکٹرک کے حوالے سے جو شدید منفی خیالات پائے جاتے ہیں اسکی وجوہات کیا ہیں ۔اگر تحریکِ انصاف کی حکومت کراچی کے عوام کے زخموں پر مرہم رکھنا چاہتی ہے تو ترجیح اول کے طور پر کے الیکٹرک سے متعلق شکایات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے اس عمل سے تحریک انصاف کی جو پذیرائی ملے وہ بھی بے مثال ہوگی ۔۔

۔۔

نوٹ: روزنامہ پاکستان میں شائع ہونے والے بلاگز لکھاری کا ذاتی نقطہ نظر ہیں۔ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔ 

مزید :

بلاگ -