ڈالر9پیسے سستا، سٹاک ایکسچینج  میں شدیدمندی کا رجحان

    ڈالر9پیسے سستا، سٹاک ایکسچینج  میں شدیدمندی کا رجحان

  

کراچی (اکنامک رپورٹر)انٹربینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قدر میں کمی کا تسلسل جاری منگل کوا نٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالرمزید9پیسے سستاہوگیاجسکے نتیجے میں ڈالر کی قیمت خرید156.64روپے سے گھٹ کر 156.55روپے اورقیمت فروخت156.74روپے سے گھٹ کر156.65روپے ہوگئی۔اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالرکی قیمت میں استحکام رہا۔دوسری طرف بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 6ڈالرکااضافہ تاہم ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت88600روپے اوردس گرام سونے کی قیمت75960روپے پرمستحکم رہی۔

ڈالر،سونا

کراچی (اکنامک رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ایک روز تیزی کے بعدکاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کواتارچڑھاؤ کے بعد مندی رہی اورکے ایس ای100انڈیکس 30000 اور29900پوائنٹس کی نفسیاتی حدوں سے گرگیا،مندی کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کے46ارب19کروڑ روپے سے زائدڈوب گئے،کاروباری حجم گزشتہ روزکی نسبت 17.31 فیصد کم جبکہ 68 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔حکومتی مالیاتی اداروں،مقامی بروکریج ہاؤس سمیت دیگرانسٹیٹیوشن کی جانب سے سیمنٹ،ٹیلی کام، فوڈز سمیت دیگرمنافع بخش سیکٹر کی نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں پر خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہواٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس 30246پوائنٹس کی سطح پر بھی دیکھا گیاتاہم پاک بھارت کشیدگی، خام تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی اور ملکی کی معاشی ناگفتہ بہ صورتحال کے سبب مقامی سرمایہ کار گروپوں نے اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی، جس کے نتیجے میں تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور دوران ٹریڈنگ کے ایس ای 100انڈیکس 28739پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی دیکھا گیا تاہم غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے ایک بار پھر سرمایہ کاری کی گئی، جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں ریکوری آئی اورکے ایس ای100انڈیکس کی 29800کی حد بحال ہوگئی تاہم اتارچڑھاؤکا سلسلہ سارا دن جاری رہا۔مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100 انڈیکس 247 پوائنٹس کمی سے 29809پوائنٹس پر بندہوا۔منگل کومجموعی طورپر338کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے89کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ،230کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ19کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں 46 ارب19کروڑ35لاکھ40ہزار414روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جسکے نتیجے میں سرمایہ کاری مالیت گھٹ کر60 کھرب 92 ارب 76 کروڑ 58لاکھ47ہزار605روپے ہوگئی۔

سٹاک ایکسچینج

مزید :

صفحہ اول -