کامیاب معاشی پالیسیوں سے ملک خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگیا،اسدکھوکھر

کامیاب معاشی پالیسیوں سے ملک خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگیا،اسدکھوکھر

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)تحریک انصاف کے رہنماء و رکن صوبائی اسمبلی ملک اسد کھوکھرنے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں بننے والی کامیاب معاشی پالیسیوں کے باعث ملک خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو گیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی کا مصنوعی طوفان اپنے انجام کو پہنچ گیا ہے اور حکومتی پالیسیوں کے ثمرات عوام کو ملنا شروع ہو گئے ہیں۔ جاری اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ریونیو اکٹھے کر نے کے اہداف کا 90 فیصد تک پورے ہونے کا مطلب معاشی پالیسیوں کی کامیابی اور ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کا اپنے پاؤں پر کھڑے ہو نے کی جانب پہلا قدم ہے۔ عوام کی حب الوطنی اور حکومت پر اعتماد کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کے 5 سال پورے کرنے تک پاکستان بہت بڑی معاشی طاقت بن جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب میں نئی صنعتوں اور کارخانوں کے قیام کے لیے قوانین میں آسانیاں پیدا کر دی گئی ہیں، جس سے سرمایہ کاری میں کئی گنا اضافہ ہوا اور روز گار کے نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔ حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں درآمدات میں کمی ہوئی جو بین الاقوامی ادائیگیوں کے توازن میں بہتری آنے کا باعث بنی اور ملک میں خوشحالی کے دروازے کھلے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان بحرانوں پر قابو پاکر ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بن جائے گا اور وزیراعظم عمران خان کا پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست بنانے کا اعلان حقیقت میں بدل جائے گا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -