مقتول بیٹے کی نابینا والدہ ملزمان کی ضمانت خارج کرانے کیلئے عدالت پہنچ گئی
لاہور(نامہ نگار)مغل پورہ میں پانچ بہنوں کے اکلوتے بھائی عمر کو قتل کرنے والے 2ملزمان کو پولیس کی جانب سے گرفتار نہ کئے جانے پر مقتول کا نابینا والد روتاہواانصاف کے لئے سیشن عدالت پہنچ گیا،متاثرین نے ملزمان کی درخواست ضمانت خارج کرنے کے لئے درخواست دائر کردی۔ایڈیشنل سیشن جج محمد فرقان کی عدالت میں نابینا شخص محمد حفیظ نے پیش ہوکر اپنے بیٹے عمر کے دو قاتلوں آصف اور زاہد کی ضمانت کی درخواستیں خارج کرانے کی درخواست دائر کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ 6جون کو ملزمان نے اس کے بیٹے کو دبئی سے آنے کے بعد بہانے سے گھربلایا بعد میں اس کو نشہ اور چیز کھلا کرہلاک کردیا، جس کا مقدمہ تھانہ مغل پورہ پولیس نے درج کیاتاہم پولیس ملزموں کو گرفتار نہیں کررہی۔
عدالت سے استدعا ہے کہ ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں خارج کی جائیں۔عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد تھانہ مغل پورہ پولیس سے مقدمہ کاریکارڈ طلب کرتے ہوے وکلا ء کو بھی بحث کے لئے طلب کرلیا۔