نئے ہیڈ کوچ مصباح الحق سرفراز احمد کی قیادت میں میچ کھیلیں گے؟ حیران کن اور دلچسپ خبر آ گئی

نئے ہیڈ کوچ مصباح الحق سرفراز احمد کی قیادت میں میچ کھیلیں گے؟ حیران کن اور ...
نئے ہیڈ کوچ مصباح الحق سرفراز احمد کی قیادت میں میچ کھیلیں گے؟ حیران کن اور دلچسپ خبر آ گئی

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نئے ڈومیسٹک سٹرکچر کے تحت نئے ڈومیسٹک سیزن کا آغاز مظفرآباد میں فیسٹیول ٹی 20میچ سے ہوگا جس میں نئے ہیڈ کوچ مصباح الحق سرفراز کی زیرقیادت کھیلیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے نئے ڈومیسٹک سیزن کا آغاز مظفرآباد میں فیسٹیول میچ کیساتھ کرنے کا اعلان کیا ہے،پی سی بی چیئرمین الیون اور آزاد جموں و کشمیرپرائم منسٹر الیون کے درمیان ٹی 20میچ 6 ستمبر کو یوم دفاع پر صبح 10 بجے شروع ہو گا جبکہ وہاں آئندہ ڈومیسٹک سیزن میں قائداعظم ٹرافی کے سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کا ایک میچ بھی ہونا ہے۔

پی سی بی چیئرمین الیون کی قیادت سرفراز احمد کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں مصباح الحق، بابراعظم، شان مسعود، عثمان شنواری، بلال آصف اور عابد علی شامل ہیں، ان کے ساتھ مقامی نوجوان کرکٹرز بابر خالق،فیضان سلیم، معین پرویز، ثقلین گیلانی، شاداب مجید اور عثمان معروف بھی ایکشن میں ہوں گے۔

آزاد جموں و کشمیر پرائم منسٹر الیون کی قیادت اظہر علی کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں اسد شفیق، افتخار احمد، امام الحق، میر حمزہ، محمد رضوان، راحت علی اور ظفر گوہر شامل ہوں گے، وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈاپور کے ساتھ مقامی کرکٹرز عاقب لیاقت، حسن رضا، نوید ملک اور راجہ فرحان کو بھی ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔

پی سی بی کے مطابق ملک کے کونے کونے میں کرکٹ سرگرمیوں کو فروغ دینا ہماری پالیسی کا حصہ ہے، مظفر آباد میں میچ سے آزاد کشمیر میں کرکٹ کو مقبول بنانے میں مدد ملے گی۔یاد رہے کہ اس سے قبل پی سی بی قائداعظم ٹرافی کے4 میچز بگٹی سٹیڈیم کوئٹہ میں کرانے کا اعلان کرچکا ہے۔

مزید :

کھیل -