نواز شریف یا زرداری سے کوئی ڈیل نہیں ہو رہی، اعجاز شاہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی تنظیم فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات ہمارے اپنے مفاد میں ہیں،بھارت کوشش کر رہا ہے ایف اے ٹی ایف کو استعمال کرکے پاکستان کو بلیک لسٹ قرار دے سکے۔عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نواز شریف یا آصف زرداری سے کوئی ڈیل نہیں کر رہی، پلی بارگین نیب کے قوانین میں شامل ہے اور وہ ہی کسی بھی قسم کی ڈیل کر سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں کرفیو ختم ہونے پر ہی نریندر مودی کا اصل امتحان شروع ہوگا، جموں اور لداخ میں مسلم آبادی کم ہے وہاں لاک ڈاؤن اتنا سخت نہیں۔انہوں نے کہا کہ جتنا وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کیلئے کام کیا اتنا آج تک کسی رہنما نے نہیں کیا، اگرہم اپنا فیصلہ بدل لیتے تو ہم میں اور مودی میں کوئی فرق نہیں رہ جاتا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کلبھوشن یادیو تک قونصلررسائی کا قدم عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے بعد اٹھایا گیا ہے۔