تنقید برائے تنقید کرنے والوں کا کیا کریں گے؟ مصباح الحق نے ناقدین کیلئے بہترین پیغام دیدیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ تنقید کرنے والوں کا بہترین حل یہ ہے کہ ان کی بات سنیں اور اگر کوئی خامی ہو تو دوریں وگرنہ خود پر اعتماد کرتے ہوئے اپنا کام جاری رکھیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کئے گئے ایک سوال پر مصباح الحق نے کہا کہ 17 سال کرکٹ کھیلی اور اس دوران آپ سب نے دیکھ لیا کہ تنقید برائے تنقید کرنے والوں کا کس طرح سامنا کیا۔ بہترین طریقہ یہ ہے کہ تنقید کرنے والوں کی بات سنیں اور اگر آپ کو بہتری کی گنجائش نظر آئے تو بہتری لائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی صحیح بات کر رہا ہوں تو اتنا حوصلہ ہونا چاہئے کہ اسے مانتے ہوئے خامی دور کریں اور اتنی سمجھ بھی ہونی چاہئے کہ اگر خوامخواہ تنقید ہو رہی ہے تو آپ خود پر اعتماد کریں کہ میں بالکل ٹھیک کر رہا ہوں اور مجھے ایسے ہی چلنا ہے، اور اپنی کارکردگی سے جواب دیں۔