باغ جناح، ریس کورس اور نہر کنارے سائیکلنگ ٹریکس بنانے کا فیصلہ: لاہور کو خوبصورت بنانا میرا مشن ہے، کمشنر
لاہور(پ ر)کمشنر لاہور ڈویژن ذوالفقار احمد گھمن کی زیر صدارت ”خوبصورت لاہور“ کے جائزہ اجلاس میں چیئرمین پی ایچ اے سید یاسر گیلانی، ڈی سی لاہور دانش افضال، ڈی جی پی ایچ اے جواد قریشی، سی او ایم سی ایل سید علی بخاری، چیف انجینئر ٹیپا مظہر حسین خان و واسا اور ایل ڈبلیو ایم سی کے افسران نے شرکت کی۔کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کو خوبصورت بنانا میری اولین ترجیح ہے، خوبصورت لاہور کیلئے موجود پلاننگ پر عملی آغاز کیا جائے، بلا وجہ تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بریفنگ کے مطابق پی ایچ اے باغ جناح اور جیلانی پارک میں سائیکلنگ ٹریک شروع کر رہاہے، نہر کے ساتھ سائیکلنگ ٹریک کیلئے تجویز بھی زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ مین مارکیٹ، شملہ ہل چوک کی تزئین و آرائش ایم سی ایل پلان کر رہی ہے۔
کمشنرنے ہدایت کی کہ بیوٹیفکیشن سکیموں کو ڈیڈلائن کے مطابق مکمل کرنا ضروری ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ داتا دربار کے سامنے والے حصے کو حفاظتی پہلو کو مدنظر رکھ کر خوبصورتی کے پیمانے پر جدید انداز میں بنایا جائیگا، تمام محکموں کے درمیان رابطہ کار کا فقدان بالکل نہیں ہونے دیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ ہر ٹاسک پر ایک ادارہ لیڈ کریگا اور متعلقہ محکموں کا تعاون اس کے ساتھ یقینی بنایا جائیگا۔