کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کیلئے سیوریج، پانی نظام بہتر بنانے کا فیصلہ 

    کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کیلئے سیوریج، پانی نظام بہتر بنانے کا ...

  

 لاہور(جنرل رپورٹر) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑ نے ہدایت کی ہے کہ کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کامیاب بنانے کے لئے شہر کے مصروف علاقوں میں واٹر سپلائی اور سیوریج کی ضروریات کا تعین کر کے وہاں واسا کا انفراسٹرکچر بہتر بنانے کے لئے طویل المعیاد منصوبہ بندی کی جائے۔بارشی پانی کو ذخیرہ کرنے کا منصوبہ کامیاب رہا ہے۔ شہر میں نکاسی آب کے حوالے سے مزید حساس مقامات پر ایسے منصوبے شروع کرنے کے لئے ضروری کارروائی شروع کی جائے۔ لارنس روڈ کے بعد شہر کے2 اور مقامات پر رین واٹر ہارویسٹنگ (بارشی پانی جمع کرنے)کے منصوبے شروع کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ یہ منصوبے بسم اللہ پارک تاج پورہ اور بیرون شیرانوالہ گیٹ سرکلر روڈ پر تعمیر کئے جائیں گے جن پر مجموعی طور پر 24کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ تاج پورہ میں بنائے جانے والے منصوبے کی استعداد12لاکھ گیلن جبکہ شیرانوالہ گیٹ کے باہر 15لاکھ گیلن استعداد کا منصوبہ بنایاجائے گا۔

 ڈائریکٹر جنرل نے ہدایت کی کہ گنجان اوربالخصوص پسماندہ علاقوں میں فراہمی و نکاسی آب کے نئے منصوبے شروع کرنے کے لئے ترجیحات کا بلاتاخیر تعین کیاجائے تاکہ مقامی یا بین الاقوامی ڈونرز کے ذریعے ان کے لئے وسائل کا بندوبست کیاجاسکے۔زیر زمین پانی کے اثاثے کو آئندہ نسلوں کے لئے محفوظ بنانے کی خاطر جامع منصوبہ بندی کے ساتھ کام کیاجائے۔نہری پانی کو صاف کر کے قابل استعمال بنانے کے لئے پلانٹ نصب کرنے کا منصوبہ بروقت مکمل کیا جائے۔پانی کاضیاع روکنے کے لئے شہریوں میں شعور اجاگر کیاجائے اور اس کی زیر زمین سطح میں کمی روکنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔واسا شہریوں کے لئے اہم خدمات انجام دے رہا ہے‘سروس ڈیلیوری کا معیار مزید بہتر کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔فراہمی نکاسی آب کے بارے میں شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لئے واسا کی ٹال فری ٹیلی فون ہیلپ لائن1334 کی وسیع پیمانے پر تشہیر کی جائے۔گزشتہ روز واسا ہیڈ آفس کے دورے کے دوران منعقدہ بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ نئی پرائیویٹ رہائشی سکیموں کی ٹاؤن پلاننگ کے دوران واٹر پلاننگ پر خصوصی توجہ دی جائے اور ان سکیموں کو پانی کا ذخیرہ کرنے کا پابند بنایاجائے۔ان  سکیموں کو واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کی ہدایت کی جائے اور واسا کے علاوہ دیگر اداروں اور افراد کی طرف سے نصب کئے جانے والے ٹیوب ویلوں کو ریگولیٹ کرنے کے لئے قوانین وضع کئے جائیں۔انہوں نے کہاکہ ایل ڈ ی اے لاہور کی تعمیر و ترقی کا ذمہ دار محکمہ ہے۔شہر کو ترقی دینے‘صفائی اور نکاسی آب یقینی بنانے اور روزمرہ مسائل حل کرنے کے لئے ایل ڈی اے‘واسا اور ٹیپا فعال اداروں کے طور پر کام کریں اور مستقبل کی ضروریا ت کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایک دور اندیشن ویژن کے ساتھ کام کیا جائے۔اجلاس کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر واسا سید زاہد عزیز نے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے کو واسا کے انتظامی ڈھانچے‘ترقیاتی سکیموں‘ فراہمی و نکاسی آب کے منصوبوں اور آپریشنز اینڈ مینٹی نینس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور واسا کی گزشتہ سالوں کی کارکردگی‘آئندہ اہداف اور نظام میں اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا۔اس موقع پرلاہور میں پانی کی فراہمی کی موجودہ صورتحال‘ آئندہ انتظامات اور واسا کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں ڈاکیو مینٹری بھی دکھائی گئی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -