حکومت اقلیتوں کے حقوق کو تحفظ دے رہی ہے،اعجاز عالم

حکومت اقلیتوں کے حقوق کو تحفظ دے رہی ہے،اعجاز عالم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیرانسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہاکہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں مذہبی اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت یقینی بنا رہے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے دور حکومت بالخصوص پنجاب بھر میں کیے جانیوالے اقدامات کی تعریف یورپی یونین والے بھی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت عام لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے جبکہ حکومت پنجاب 2020 میں ایک نئے عوامی جذبے کے تحت آگے بڑھتے ہوئے عام آدمی کی دہلیز تک وسائل کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں عام آدمی کے مسائل کا حل نکالنا شامل ہے کیونکہ بد قسمتی سے ماضی کی حکومتوں نے محض اشرافیہ کو نوازنے کے ساتھ کرپشن کے پہاڑ بنانے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے نیشنل لابنگ فارمینارٹی رائٹس کے وفد سے  انسانی حقوق کے کیمپ آفس میں ایک ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں سر انسانی حقوق کے سماجی کارکنان سردار کلیان سنگھ'حبقوق گل' آصف عقیل' سمیرا شفیق ایڈووکیٹ'شہزاد فرانسس وغیرہ شامل تھے۔ملاقات میں ایچ ای سی کیجانب سے دو فیصد کوٹہ'ہندو میرج ایکٹ اور دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے وفد سے کہاکہ تمام یونیورسٹیز میں مذہبی اقلیتوں کے کوٹہ کو یقینی بنا رہے ہیں جبکہ اس حوالے سے ٹی او آرز بنا چکے ہیں تاہم خلاف ورزی کرائم کے زمرے میں آتی ہے۔اعجا ز عالم نے کہاکہ ہندو میرج ایکٹ پر ڈسٹرکٹ لیول پرکمیٹیاں تشکیل دیجا چکی ہیں جبکہ ماضی میں عوامی خدمت کے ایجنڈے کو یکسر نظرانداز کیا گیا تاہم تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے پرعزم ہے اور پاکستان میں بسنے والا عام آدمی بھی ان تمام بنیادی سہولتوں سے سے فیض یاب ہوگا جو کہ ماضی میں صرف اشرافیہ کے کوٹے میں ہی شامل تھیں۔ وفد نے پنجاب حکومت کیجانب مذہبی اقلیتوں کے لیے کیے جانیوالے اقدامات کی تعریف کی اور صوبائی وزیر اعجاز عالم کو مذہبی اقلیتوں کے لیے لازوال خدمات پر شیلڈ بھی پیش کی۔